ٹرمپ کی ’جنگ روکنے والی تجارت‘ امریکی عدالت نے کی مسترد، ’لبریشن ڈے ٹیرف‘ غیر آئینی قرار

امریکی کی عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کی وہ دلیل بھی رد کر دی کہ ٹیرف سے ہند-پاک جنگ بندی ممکن ہوئی اور لبریشن ڈے ٹیرف پر مکمل روک لگا دی

<div class="paragraphs"><p>ڈونالڈ ٹرمپ</p></div>

ڈونالڈ ٹرمپ

user

قومی آواز بیورو

امریکہ کی عدالت نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔ امریکہ کے مین ہٹن کی ایک وفاقی عدالت نے ٹرمپ کے ذریعہ لائے گئے ’لبریشن ڈے ٹیرف‘ پر روک لگا دی ہے۔ اپنا فیصلہ سناتے ہوئے تین ججوں پر مشتمل پینل نے کہا کہ ٹرمپ نے اپنے حقوق کا غلط استعمال کرتے ہوئے امریکی آئین کے خلاف جا کر قدم اٹھایا ہے۔ حالانکہ ٹرمپ انتظامیہ نے صدر کے ذریعے کیے گئے فیصلے کا بچاؤ کرتے ہوئے ٹیرف کو برقرار رکھنے کی گزارش کی۔

دلچسپ بات یہ رہی کہ عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کی اس مرکزی دلیل کو بھی ناقابل قبول قرار دیا جس میں کہا گیا تھا کہ لبریشن ڈے ٹیرف نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ خارجہ پالیسی کے ایسے حساس معاملات کو تجارتی دباؤ سے جوڑنا نہ صرف غیر منطقی ہے بلکہ آئینی اصولوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔

خیال رہے کہ ٹرمپ حکومت کی جانب سے وزیر کامرس ہاورڈ لٹنک نے ٹیرف کی پیروی کرتے ہوئے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسی کی مدد سے دو جوہری طاقتوں میں جنگ بندی ممکن ہو سکی۔ لٹنک نے اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستان اور پاکستان دو جوہری طاقتوں میں 13 دنوں کی فوجی کارروائی کے درمیان 10 مئی کو جنگ بندی پر اتفاق ہوا۔ صدر ٹرمپ کی مداخلت کی وجہ سے دونوں ملک جنگ بندی کر پائے۔ ٹرمپ نے دونوں ملکوں کو ٹریڈ کی پیش کش کی، جسے ایک مکمل جنگ کی حالت سے بچایا گیا۔


لٹنک نے عدالت کے سامنے مزید کہا کہ 2 اپریل کو امریکی صدر ٹرمپ نے ٹیرف کا اعلان کیا تو کئی ملکوں نے فوراً امریکی حکومت سے رابطہ کیا۔ ان میں سے کئی ملکوں نے اپنے مفاد کی وجہ سے امریکہ کے ٹیرف پر کوئی جوابی کارروائی نہیں کی۔

 انہوں نے کہا کہ امریکہ کے کئی ایسے غیر ملکی ٹریڈنگ پارٹنرس ہیں جن کا ہمارے ساتھ کئی برسوں سے تجارتی خسارہ ہے۔ وہ فوراً امریکہ کے ساتھ بات چیت کی ٹیبل پر آ گئے۔ ان ملکوں کو امریکی حکومت کی طرف سے فائدہ بھی ملا اور ہم نے ٹیرف پر کچھ وقت کے لیے روک بھی لگائی۔

واضح رہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کئی مرتبہ ہند-پاک جنگ بندی کا سہرا اپنے سر باندھ چکے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں امریکہ-سعودی انویسٹمنٹ فورم کو خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کچھ دن پہلے میری حکومت نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان لڑائی روکنے کے لیے جنگ بندی کروائی۔ میں نے ٹریڈ کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا۔ میں نے ٹریڈ کا حوالہ دے کر دونوں ملکوں سے کہا کہ آؤ معاہدہ کرتے ہیں۔ ٹریڈ کریں، جوہری میزائل نہیں چلائیں بلکہ ایسی چیزوں کا کاروبار کرتے ہیں جو آپ خوبصورت طریقے سے بناتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے وزیر اعظم طاقتور ہیں اور بہت طاقتور ہیں۔ اچھے رہنما ہیں۔ اسمارٹ ہیں۔ انہوں نے بات تسلیم کر یہ جنگ روک دی۔ 10 مئی کو ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان جنگ بندی کے لیے راضی ہو گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔