حوثی باغیوں پر امریکی حملے کا منصوبہ ایک بار پھر لیک، جانکاری نجی سگنل گروپ میں ساجھا کی گئی
امریکہ کے سکریٹری برائے دفاع پیٹ ہیگسیتھ پر یمن کے حوثی باغیوں پر مارچ میں ہوئے حملے کی تفصیل کا ایک منصوبہ لیک کرنے کا الزام لگا ہے۔

پیٹ ہیگسیتھ / ڈونالڈ ٹرمپ (فائل)
حوثی باغیوں پر حملے کا امریکی منصوبہ ایک بار پھر لیک ہو گیا ہے۔ امریکہ کے سکریٹری برائے دفاع پیٹ ہیگسیتھ پر یمن کے حوثی باغیوں پر مارچ میں ہوئے حملے کی تفصیل کا ایک منصوبہ لیک کرنے کا الزام لگا ہے۔ اطلاع کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ میں شامل سکریٹری برائے دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے سگنل میسجنگ ایپ پر حوثی باغیوں پر حملے کا منصوبہ لیک کیا ہے۔
یہ معاملہ انتہائی سنگین مانا جا رہا ہے۔ ہیگسیتھ نے حملے کی جانکاری نجی سگنل گروپ میں ساجھا کیا، جس میں ان کی اہلیہ جنیفر راؤچیٹ ہیگسیتھ، بھائی فِل ہیگسیتھ اور نجی وکیل ٹم پارلٹور سمیت تقریباً ایک درجن لوگ شامل تھے۔ اس گروپ کا نام ’ڈیفنس ٹیم ہڈل‘ تھا، جسے ہیگسیتھ نے جنوری 2025 میں بنایا تھا۔ اس چیٹ کے لیے ہیگیستھ سرکاری ڈیوائس کا نہیں بلکہ انپے نجی فون کا استعمال کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے مارچ میں پہلی بار سگنل سے جڑا ہوا یہ معاملہ سامنے آیا تھا جب پہلی بار حوثی باغیوں پر امریکی حملے کا منصوبہ چیٹ پر لیک ہوا تھا۔ ’دی اٹلانٹک‘ رسالہ کے ایڈیٹر جیفری گولڈبرگ کو غلطی سے ایک سگنل گروپ چیٹ میں جوڑا گیا تھا۔
ٹرمپ کابینہ کے بڑے افسروں نے یمن میں حوثی باغیوں پر حملے کے خفیہ منصوبہ پر بات چیت کے لیے ایک میسجنگ ایپ پر گروپ بنایا تھا۔ اس گروپ میں بے حد حساس جانکاریاں شیئر کی جا رہی تھیں۔ مثلاً یمن میں حوثی باغیوں پر امریکہ اگلا حملہ کب کرے گا؟ یہ حملہ کتنے بجے، کن کن اسلحوں سے کیا جائے گا؟ لیکن گڑبڑی اس وقت ہو گئی جب امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) مائک والٹز نے اس میسجنگ ایپ میں ’دی اٹلانٹک‘ میگزین کے ایڈیٹر اِن چیف جیفری گولڈبرگ کو ایڈ کرنے کی گزارش بھیجی۔
اس گروپ میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، سکریٹری برائے دفاع پیٹ ہیگسیتھ، وزیر خارجہ مارکو روبیو، این ایس اے مائک وولٹز، ڈائرکٹر آف نیشنل انٹلیجنس سمیت کئی اعلیٰ افسران تھے۔
گولڈبرگ نے کہا تھا کہ 11 مارچ کو مجھے مائیکل وولٹز نام کے ایک یوزر سے سگنل پر کنکشن ریکوئسٹ ملی۔ سگنل ایک اوپن سورس انکرپٹڈ میسجنگ سروس ایپ ہے جو صحافیوں کے درمیان زیادہ معروف ہے۔ گولڈبرگ کہتے ہیں کہ شروعات میں مَیں سمجھ ہی نہیں پایا کہ یہ مائیکل وولٹز ٹرمپ کابینہ میں این ایس اے والٹز ہیں۔ میں نے ان سے پہلے بھی ملاقات کی ہے لیکن مجھے لگا کہ مائیکل وولٹز کے نام سے کسی شخص نے مجھے شامل کیا ہے، لیکن بعد میں مجھے احساس ہو گیا کہ میں ٹرمپ کی کابینہ کے ساتھیوں کے گروپ سے جڑ گیا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ دو دن بعد شام 4:28 بجے مجھے نوٹس ملا کہ مجھے حوثی پی سی اسمال گروپ نام کے سگنل چیٹ گروپ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس گروپ میں شامل ہونے کے بعد یہ میسج کیا گیا کہ حوثی باغیوں پر حملہ کرنے کے لیے اس گروپ کے ذریعہ کوآرڈینیشن کیا جائے گا۔
گولڈبرگ نے ’دی اٹلانٹک‘ میگزین میں اس سلسلے میں ایک مضمون لکھا تھا جس میں انہوں نے بتایا کہ 15 مارچ کو یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری سے دو گھنٹے پہلے پتہ چل گیا تھا کہ حملہ ہو سکتا ہے۔ پیٹ ہیگسیتھ نے گروپ پر صبح 11.44 بجے یہ ’وار پلان‘ بھیج دیا تھا۔
حالانکہ ٹرمپ سے جب اس بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے صاف طور پر کہا تھا کہ انہیں اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ‘دی اٹلانٹک‘ پر بھی طنز کستے ہوئے کہا کہ میں اس کا فین نہیں ہوں۔ میرے لیے تو اٹلانٹک ایک ایسی میگزین ہے جو بند ہونے والی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔