’ہندوستان برسوں تک ’یکطرفہ‘ تعلقات سے فائدہ اٹھاتا رہا، امریکی برآمدات پر سب سے زیادہ ٹیرف عائد کیے‘، ٹرمپ کا الزام

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان نے امریکی مصنوعات پر غیر معمولی بلند ٹرف عائد کر رکھے تھے، جس سے تعلقات یکطرفہ بن گئے۔ انہوں نے ہارلے ڈیوڈسن کی مثال دے کر اپنے موقف کا اعادہ کیا

ڈونالڈ ٹرمپ، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ہندوستان کی تجارتی پالیسیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات یکطرفہ رہے ہیں کیونکہ ہندوستان نے امریکی برآمدات پر غیر معمولی بلند شرحوں سے ٹیرف عائد کر رکھا تھا۔

ٹرمپ نے کہا، ’’ہندوستان کے ساتھ ہمارے تعلقات بہتر ہیں لیکن یہ سمجھنا ہوگا کہ یہ تعلقات کئی سالوں سے یکطرفہ تھے۔ ہندوستان ہم پر دنیا کے سب سے زیادہ ٹیرف لگاتا رہا اور ہماری سابقہ حکومتیں خاموش تماشائی بنی رہیں۔‘‘

صدر ٹرمپ نے وضاحت کی کہ امریکی مصنوعات کو ہندوستانی بازار میں جگہ نہیں ملتی تھی کیونکہ درآمدی ڈیوٹی 100 فیصد سے بھی زیادہ تھی، جبکہ امریکی بازار ہندوستانی مصنوعات کے لیے کھلا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا، ’’وہ جو کچھ بھی بناتے تھے، بڑی مقدار میں ہمارے ملک میں بھیج دیتے تھے مگر ہم کچھ بھی نہیں بھیج پاتے تھے کیونکہ وہ بھاری ٹیرف لگا دیتے تھے۔‘‘

ٹرمپ نے اپنی پرانی مثال دہراتے ہوئے کہا کہ ہارلے ڈیوڈسن موٹر سائیکلیں ہندوستان میں 200 فیصد ڈیوٹی کے سبب فروخت نہیں ہو پا رہی تھیں۔ اس وجہ سے کمپنی کو مجبوراً ہندوستان میں اپنا پلانٹ لگانا پڑا تاکہ بھاری ٹیرف سے بچا جا سکے۔ اگرچہ کمپنی نے بعد میں کمزور فروخت کی وجہ سے 2020 میں اپنا پلانٹ بند کر دیا، تاہم ٹرمپ کے مطابق یہ مثال اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی صنعتوں کے لیے ہندوستانی منڈی تک رسائی مشکل بنائی گئی تھی۔


انہوں نے مزید کہا کہ اگر انہوں نے اپنی مدتِ صدارت میں سخت اقدامات نہ کیے ہوتے تو ہندوستان کبھی بھی ٹیرف میں کمی کی پیشکش نہ کرتا۔ ٹرمپ نے کہا، ’’اگر ہم نے ان پر محصولات نہ لگائے ہوتے تو وہ کبھی زیرو ٹیرف کی بات نہ کرتے۔‘‘

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان پر عائد ٹیرف کی شرحیں دنیا میں سب سے زیادہ تھیں۔ تاہم، ماہرین اور عالمی اداروں کا کہنا ہے کہ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) اور ورلڈ بینک کے اعداد و شمار اس تاثر کی تائید نہیں کرتے۔ اگرچہ ہندوستان کچھ حساس شعبوں، خصوصاً زرعی مصنوعات پر بلند ڈیوٹی عائد کرتا ہے لیکن مجموعی طور پر یہ دنیا میں سب سے زیادہ ٹیرف والا ملک نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔