اگلے سال ہندوستان آ سکتا ہوں، نریندر مودی ایک عظیم شخصیت ہیں: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے نریندر مودی کو ’عظیم شخصیت‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اگلے سال ہندوستان آ سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اگلے سال ہندوستان کا دورہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے انہیں اپنا قریبی دوست اور ایک عظیم شخصیت قرار دیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات انتہائی مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی بات چیت تسلی بخش مرحلے میں ہے۔
وائٹ ہاؤس میں جمعرات کو منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران جب ٹرمپ سے ہندوستان کے ساتھ تعلقات پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا، ’’ہم اکثر بات کرتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ میں ہندوستان آؤں۔ ہم اس پر کام کر رہے ہیں اور میں یقیناً آؤں گا۔ وزیراعظم نریندر مودی ایک عظیم انسان ہیں۔‘‘
ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا یہ دورہ اگلے سال ممکن ہے؟ اس پر ٹرمپ نے مسکراتے ہوئے کہا، ’’ہاں، ایسا ہو سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے اپنی سابقہ دورۂ ہند کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’’2020 میں وزیراعظم کے ساتھ میری بہت شاندار ملاقات اور یادگار سفر رہا۔ ہندوستانی عوام کا جوش و جذبہ ناقابلِ فراموش ہے۔‘‘
ٹرمپ نے مزید بتایا کہ ہندوستان نے روس سے تیل کی خریداری میں نمایاں کمی کی ہے، جو امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مستحکم بنانے کی سمت میں ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک بڑی معیشت ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون عالمی سطح پر استحکام کے لیے اہم ہے۔
حالیہ دنوں میں وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے بھی کہا تھا کہ صدر ٹرمپ وزیراعظم مودی کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں اور دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت اکثر ہوتی رہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تجارت اور سلامتی کے موضوعات پر اعلیٰ سطحی مذاکرات جاری ہیں۔
لیوٹ نے یہ بھی بتایا کہ وائٹ ہاؤس میں گزشتہ ماہ دیوالی کی خصوصی تقریب منعقد کی گئی تھی، جس میں صدر ٹرمپ نے ہند نژاد امریکی افسروں اور کمیونٹی لیڈروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم مودی سے بھی براہِ راست گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ رابطہ صدر ٹرمپ کی ہندوستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کی گہری عکاسی کرتا ہے۔
دیوالی تقریب کے دوران ٹرمپ نے کہا تھا کہ ’’وزیراعظم نریندر مودی ایک عظیم شخصیت ہیں اور میں ہندوستانی عوام سے بے حد محبت کرتا ہوں۔‘‘ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ اور ہندوستان کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوں گے۔