’ڈریے نہیں مودی جی، جواب دینے کا حوصلہ پیدا کیجیے‘، آپریشن سندور سے متعلق ٹرمپ کے تازہ بیان پر راہل گاندھی کی اپیل
ہندوستانی وزیر اعظم مودی پر حملہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’1971 کی جنگ میں اندرا گاندھی نے امریکی صدر سے صاف کہہ دیا تھا– ’ہم آپ سے نہیں ڈرتے‘۔ وزیر اعظم ایسے ہوتے ہیں۔‘‘

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی پر مستقبل بیان دے رہے ہیں اور دعویٰ کر رہے ہیں کہ جنگ ان کی کوششوں سے ہی رکی تھی۔ ’آپریشن سندور‘ میں 7 طیارے مار گرائے جانے کا دعویٰ بھی وہ کئی بار کر چکے ہیں۔ جنوبی کوریا کے اپنے دورہ میں بھی انھوں نے یہ 2 دعوے کیے، جس پر لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کا سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ انھوں نے وزیر اعظم مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈرنے کی جگہ امریکی صدر کے دعووں پر جواب دینے کی ہمت پیدا کریں۔
اس سلسلے میں راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ جاری کی ہے، جس میں لکھا ہے کہ ’’ٹرمپ ایک کے بعد ایک ملک کا دورہ کر رہے ہیں اور ہر جگہ مودی کی توہین کرتے نظر آ رہے ہیں۔ تازہ مثال جنوبی کوریا کی ہے۔‘‘ وہ آگے لکھتے ہیں کہ ’’انھوں (ٹرمپ) نے پھر دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے ’آپریشن سندور‘ رکوانے کے لیے مودی کو تجارتی دباؤ کے ذریعے ڈرایا تھا۔ یہ بھی کہا کہ 7 طیارے مار گرائے گئے تھے۔‘‘ ساتھ ہی وزیر اعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا ہے ’’ڈریے نہیں مودی جی، جواب دینے کا حوصلہ پیدا کیجیے۔‘‘
آج بہار کے دربھنگہ میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کے دوران بھی راہل گاندھی نے ٹرمپ کے ذریعہ کیے جا رہے دعووں کا ذکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’نریندر مودی ٹرمپ سے ڈرتے ہیں۔ ٹرمپ نے پچاسوں بار کہا کہ اس نے نریندر مودی کو ڈرا کر ’آپریشن سندور‘ رکوایا ہے، لیکن مودی جی کے منھ سے ’چوں‘ تک نہیں نکلا۔ ٹرمپ ہر دن الگ الگ ممالک میں جا کر نریندر مودی کی بے عزتی کر رہا ہے، لیکن نریندر مودی نے ایک بار نہیں کہا کہ ٹرمپ جھوٹ بول رہا ہے۔‘‘ وزیر اعظم کی کم ہمتی پر افسوس کرتے ہوئے راہل کہتے ہیں ’’نریندر مودی میں کچھ کہنے کا دَم ہی نہیں ہے۔ ایسا آدمی بہار میں کبھی ترقی نہیں لا سکتا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’1971 کی جنگ میں اندرا گاندھی نے امریکی صدر سے صاف کہہ دیا تھا کہ– ’ہم آپ سے نہیں ڈرتے‘۔ وزیر اعظم ایسے ہوتے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔