للت مودی کو وانوآتو کے وزیر اعظم کا جھٹکا، پاسپورٹ منسوخ کرنے کی ہدایت

وانو آتو کے وزیر اعظم نے شہریت کمیشن سے للت مودی کا پاسپورٹ فوری اثر سے منسوخ کرنے کو کہا ہے۔ للت مودی نے ہندوستانی ہائی کمیشن میں اپنا پاسپورٹ سرینڈر کرکے وانو آتو کی شہریت لی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>للت مودی (فائل) / آئی اے این ایس</p></div>

للت مودی (فائل) / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

آئی پی ایل کے سابق چیئرمین للت مودی کو وانوآتو کے وزیر اعظم نے جھٹکا دے دیا ہے۔ دراصل گزشتہ دنوں للت مودی نے ہندوستان کا پاسپورٹ سرینڈر کرکے ایک چھوٹے سے ملک وانو آتو کی شہریت حاصل کرلی تھی لیکن اب وانو آتو کے وزیر اعظم جوتھم ناپت نے شہریت کمیشن سے للت مودی کا پاسپورٹ فوری اثر سے منسوخ کرنے کو کہہ دیا ہے۔

وزیر اعظم جوتھم ناپت نے بتایا کہ میں نے شہریت کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ جلد سے جلد للت مودی کا وانو آتو کا پاسپورٹ منسوخ کر دے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں یہ اطلاع ملی ہے کہ انٹرپول نے للت مودی کو لے کر حکومت ہند کی طرف سے بھیجے گئے الرٹ نوٹس کو عدالتی شواہد کی کمی میں دو بار خارج کیا تھا۔ جوتھم نے کہا کہ وانو آتو کا پاسپورٹ رکھنا ایک اعزاز ہے نہ کہ کوئی حق۔ ایسے میں عرضی دہندگان کو جائز وجوہات سے ہی شہریت لینی چاہیے۔


وانو آتو کی بات کی جائے تو یہ جنوبی بحرالکاہل میں واقع ہے۔ یہاں کی معیشت خاص طور پر کھیتی، سیاحت، مچھلی پکڑنے اور غیر ملکی مالی خدمات پر مبنی ہے۔ وانو آتو میں سرمایہ پر مبنی شہریت ہے یعنی سرمایہ کرکے یہاں کی شہریت حاصل کی جا سکتی ہے۔ پاسپورٹ کی فروختگی یہاں کی حکومت کی آمدنی کا اہم وسیلہ ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق 2025 تک وانو آتو کا پاسپورٹ 113 ملکوں میں بغیر ویزا کے داخلہ کی اجازت دیتا ہے۔ ہینلی پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق وانو آتو کا پاسپورٹ دنیا میں 51ویں نمبر پر ہے (199 ملکوں میں سے) ، جو سعودی عرب (57)، چین (59) اور انڈونیشیا (64) سے اوپر ہے۔ ہندوستان 80ویں مقام پر ہے۔

واضح رہے کہ للت مودی نے 7 مارچ کو لندن میں واقع ہندوستانی ہائی کمیشن میں اپنا پاسپورٹ سرینڈر کر دیا تھا۔ بعد میں وزارت خارجہ نے اس کی تصدیق کی تھی کہ للت مودی نے اپنا پاسپورٹ جمع کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔