جسٹن ٹروڈو کے فیصلے سے غیر ملکی کارکنوں میں تشویش، کینیڈا میں نوکری ملنا ہوگی مشکل

کینیڈین حکومت کے فیصلہ سے وہاں مقیم دیگر غیر ملکی افراد کی مشکلات بڑھنے والی ہیں۔ جسٹن ٹروڈو نے پیر کو اعلان کیا کہ کینیڈا میں عارضی طور پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی تعداد میں کمی کی جائے گی

جسٹن ٹروڈو، تصویر آئی اے این ایس
جسٹن ٹروڈو، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کینیڈین حکومت نے ایک ایسا فیصلہ کیا ہے جس سے وہاں رہنے والے ہندوستانی اور دیگر غیر ملکی افراد کی مشکلات بڑھنے والی ہیں۔ جسٹن ٹروڈو نے پیر کو اعلان کیا کہ کینیڈا میں عارضی طور پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی تعداد میں کمی کی جائے گی۔ اس فیصلے کا براہ راست اثر وہاں کام کرنے والے ہندوستانی نوجوانوں پر پڑے گا، چونکہ ہندوستانی طلباء کی ایک بڑی تعداد وہاں اپنا گزار کرنے کے لیے کام کرتی ہے۔

وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’ہم کینیڈا آنے والے کم اجرت والے عارضی غیر ملکی کارکنوں کی تعداد کو کم کر رہے ہیں۔ ملک کی لیبر مارکیٹ بہت بدل چکی ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہماری کمپنیاں زیادہ سے زیادہ ملازمتیں کینیڈا کے کارکنوں اور نوجوانوں کو فراہم کریں۔‘‘


رپورٹ کے مطابق اگست 2024 کے آخر تک کینیڈا میں ہندوستانیوں کی تعداد 20 لاکھ تک پہنچنے کی امید ہے۔ سال 2022 میں، 118095 ہندوستانی کینیڈا میں مستقل رہائشی بن چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 59503 افراد کینیڈا کے شہری بن گئے ہیں۔ کینیڈا نے 2024 کی پہلی سہ ماہی میں 37915 نئے ہندوستانی مستقل باشندوں کو داخلہ دیا، جو 2023 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 8175 کم ہے۔

کینیڈا میں زیادہ تر غیر ملکی ہندوستانی سکھ ہیں، جو وہاں چھوٹے کاروباروں اور کمپنیوں میں کام کرتے ہیں۔ ایک طرف ٹروڈو حکومت خالصتان کے حامیوں کی وکالت کر رہی ہے تو دوسری طرف اس فیصلے سے ہندوستان کے خدشات مزید بڑھنے والے ہیں۔ چند روز قبل کینیڈا میں ہندوؤں کی عبادت گاہوں پر جاری حملوں کے درمیان ایڈمونٹن میں بی اے پی ایس سوامی نارائن مندر میں توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔

ہندو امریکن فاؤنڈیشن نے اطلاع دی کہ بی اے پی ایس سوامی نارائن مندر پر صبح سویرے ہندوستان مخالف نعرے لکھے گئے۔ اس کے علاوہ ہندوستانی نژاد کینیڈین ایم پی چندرا آریہ پر حملہ کیا گیا۔ اس واقعے کا الزام خالصتان حامیوں پر لگایا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔