منکی پاکس سے لڑنے کے لیے ہندوستانی کمپنی نے دیسی آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کٹ تیار کی

سیمنس ہیلتھینرس کمپنی نے ہر سال 10 لاکھ کٹ بنانے کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس سے صرف 40 منٹ میں نتیجہ حاصل کیا جاسکے گا۔

منکی پوکس، فائل تصویر آئی اے این ایس
منکی پوکس، فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

 دنیا بھر میں اس وقت منکی پاکس کے خطرے سے خوف کا ماحول ہے۔ ہندوستان میں بھی اس مرض سے راحت اور بچاؤ کے لیے سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ اس درمیان ہندوستان کے سیمنس ہیلتھینرس نے منکی پاکس سے لڑنے کے لیے اپنا دیسی آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کٹ تیار کر لیا ہے۔ اس پر سی ڈی ایس سی او نے بھی اپنی مہر ثبت کر دی ہے۔ کمپنی نے اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے منکی پاکس سے لڑنے کے لیے مثبت پہل قرار دیا ہے۔

ہندوستانی کمپنی سیمنس ہیلتھینرس نے بتایا کہ آر ٹی-پی سی آر ٹسٹ کٹ کو ودودرا کی ایک یونٹ میں تیار کیا جائے گا۔ ہر سال قریب 10 لاکھ کٹ بنائی جا سکیں گی اور ہم اس کٹ کو لوگوں تک دستیاب کرانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ سیمنس ہیلتھ کیئر پرائیویٹ لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر ہریہرن سبرمنین نے کہا کہ بہتر اور صحیح تشخیص کی ضرورت آج سے زیادہ اہم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں منکی پاکس سے نپٹنے کے لیے خصوصی طور سے تیار کی گئی کٹ دستیاب کرا کر ہم اس بیماری سے لڑنے میں فعال رویہ اپنا رہے ہیں۔ فوراً اور صحیح شناخت کو ترجیح دے رہے ہیں جو حقیقت میں زندگی بچانے میں اہم کردار نبھا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کٹ دیکھ بھال تک پہنچ میں سدھار لانے پر ہمارے فوکس کا ثبوت ہے اور یہ کٹ اس ہدف کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔


کمپنی نے کٹ کے متعلق جانکاری دی کہ ٹسٹ کا نتیجہ 40 منٹ میں دستیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس ٹسٹ میں ایک سے دو گھنٹے لگ جاتے ہیں، اس کٹ کی مدد سے صرف 40 منٹ میں نتیجہ سامنے آجائے گا۔ واضح ہو کہ منکی پاکس وائرس کے نئے خطرناک اسٹرین کی وجہ سے ریپبلک آف کانگو، وسطی اور مشرقی افریقہ فلیپنس، سوئیڈن اور پڑوسی ملک پاکستان میں ایم پاکس کے معاملے تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ایم پاکس کلیڈ-1 کے 17 ہزار سے زیادہ معاملے سامنے آئے ہیں جن میں 5000 سے زیادہ لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ اس وائرس کی سب سے زیادہ تباہی کا سامنا کانگو کو کرنا پڑا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔