جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات: کانگریس کی 9 امیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست جاری، 3 سابق صدور کے نام بھی شامل

کانگریس نے کی 9 امیدواروں کی فہرست میں جموں و کشمیر کے تین سابق صدور کو ٹکٹ دیا ہے جن میں غلام احمد میر، پیرزادہ محمد سعید اور وقار رسول وانی شامل ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>کانگریس کا پرچم / آئی اے این ایس</p></div>

کانگریس کا پرچم / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

سری نگر: کانگریس نے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے اپنے 9 امیدواروں کی فہرست جاری کر دی۔ اس فہرست میں کانگریس نے جموں و کشمیر کے تین سابق صدور کو ٹکٹ دیا ہے جن میں غلام احمد میر، پیرزادہ محمد سعید اور وقار رسول وانی شامل ہیں۔

کانگریس نے اننت ناگ ضلع کی ڈورو اسمبلی سیٹ سے غلام احمد میر کو میدان میں اتارا ہے۔ جبکہ محمد سعید کو اننت ناگ اسمبلی سیٹ سے اور وقار رسول وانی کو رام بن ضلع کی بانہال اسمبلی سیٹ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔

کانگریس نے جن دیگر امیدواروں کا اعلان کیا وہ پلوامہ ضلع کی ترال سیٹ سے سریندر سنگھ چنی، کولگام ضلع کی دیوسر سیٹ سے امان اللہ منٹو، ضلع کشتواڑ کی اندروال سیٹ سے شیخ ظفر اللہ، ڈوڈہ ضلع کی بھدرواہ سیٹ سے ندیم شریف، ڈوڈہ سیٹ سے شیخ ریاض اور ڈوڈہ ویسٹ سے ڈاکٹر پردیپ کمار بھگت ہیں۔

خیال رہے کہ کانگریس نے پیر کی رات دیر گئے امیدواروں کی فہرست جاری کی۔ اس سے چند گھنٹے قبل کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈروں کے درمیان اسمبلی انتخابات میں سیٹوں کی تقسیم کو لے کر بات چیت ہوئی تھی جس کے بعد دونوں پارٹیوں نے سیٹوں کی تقسیم پر اتفاق کیا تھا۔


نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ، سینئر کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال، سلمان خورشید اور جموں و کشمیر یونٹ کے صدر طارق حمید قرہ نے سری نگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کا کل 90 میں سے 85 نشستوں پر اتفاق رائے ہو گیا ہے اور باقی پانچ نشستوں پر 'دوستانہ مقابلہ' ہوگا۔

تقسیم کی گئیں 85 سیٹوں میں سے نیشنل کانفرنس 51 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی، جب کہ کانگریس 32 سیٹوں پر اور باقی دو سیٹوں سے سی پی آئی-ایم اور پینتھرس پارٹی ایک ایک سیٹ پر الیکشن لڑیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔