ایران نے کیا امریکی فوجی آزاد، ٹرمپ کا اظہار تشکر، ایرانی محکمہ خارجہ کی وضاحت

ایرانی ترجمان نے کہا کہ امریکی قیدی کی رہائی کے ساتھ بے بنیاد وجوہات کی بنا پر امریکی جیل میں قید ایرانی سائنسدان مجید طاہری کی رہائی کا حکم جاری کیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

واشنگٹن: ایران کی جانب سے امریکی فوجی آزاد کرنے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے معاہدہ ممکن ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں لکھا کہ جب سے وہ صدر بنے ہیں 40 سے زائد امریکی قیدیوں یا یرغمالیوں کو واپس لایا جا چکا ہے۔ انہوں نے ایران کی جانب سے رہا کیے گئے امریکی فوجی قیدی سے فون پر بات کرنے کی بھی تصدیق کی اور لکھا کہ مائیکل وائٹ بہت جلد امریکا پہنچ جائے گا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی نیوی اہلکار مائیکل وائٹ کی رہائی ایرانی سائنسدان مجید طاہری (سائرس اصغری) کی رہائی کے بعد عمل میں آئی ہے۔

وہیں سید عباس موسوی نے امریکی قیدی مائیکل ری وائٹ جنہیں سیکورٹی الزامات اور نجی مدعیوں کی شکایت کی وجہ سے جیل کی سزا سنائی گئی تھی، کی رہائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وائٹ کے نجی مدعی کے مادی اور روحانی رضامندی سمیت ان کے دیگر جرائم کو اسلامی مغفرت کے تحت معاف کیا گیا اور اس کی سزا کا ایک حصہ گزرنے اور انسانی حقوق کے تحفظات پر غور کرتے ہوئے آج بروز جمعرات مطابق 4 جون کو ان کو جج کے فیصلے کے ساتھ رہا کرکے اپنی وطن واپس بھیجا گیا۔


انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کرونا وائرس پھیلاؤ کے بعد امریکی قیدی وائٹ کو ایرانی عدلیہ کے سربراہ کی ہدایت سے جیل سے چھٹی دی گئی تھی اور انہیں ایران میں رشتہ داروں کی عدم دستیابی کی وجہ سے امریکی حکومت کے مفادات کے نگہبان کے طور پر ایران میں قائم سوئس سفارتخانے کی درخواست پر ان کا حوالہ کردیا گیا۔

موسوی نے کہا کہ امریکی قیدی کا کرونا وائرس کی کچھ مشکوک علامات کے ظاہر ہونے کی وجہ سے مکمل طبی نگرانی سےعلاج کیا گیا اور اس بات کو یقینی بنانے کے بعد کہ ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ منفی تھا، اس کی رہائی کا حکم جاری کر دیا گیا۔ ایرانی ترجمان نے کہا کہ امریکی قیدی کی رہائی کے ساتھ بے بنیاد وجوہات کی بنا پر امریکی جیل میں قید ایرانی سائنسدان "مجید طاہری" کی رہائی کا حکم جاری کیا گیا۔ انہوں نے اس حوالے سے ایرانی عدلیہ، وزارت انٹلیجنس اور اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹریٹ کے علاوہ تہران میں قائم سوئس سفارتخانے سے وائٹ اور طاہری کی آزادی کا بند و بست کرنے میں تعاون کا شکریہ ادا کیا۔


اس حوالے سے ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایک ٹوئٹر پیغام میں امریکی جیل سے مجید طاہری کی رہائی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل تمام قیدیوں کے ساتھ ہوسکتا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ امریکہ یا اس کی ایما پر دوسرے ملکوں میں گرفتار کیے گئے تمام ایرانی قیدیوں کو وطن واپس لوٹنا ہوگا۔ واضح رہے کہ مجید طاہری ایک ایرانی ڈاکٹر ہیں جو 33 سالوں سے امریکہ میں مقیم ہیں اور ریاست فلوریڈا میں کام کر رہے ہیں، امریکی حکومت نے ان پر ایران کے خلاف عائد پابندیوں کا بائی پاس کرنے کا الزام عائد کیا تھا اور وہ تقریباً 16 مہینوں سے امریکا میں زیر حراست تھے۔

ان پٹ ایرنا ایجنسی اور یو این آئی

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔