’میں یہ انعام ٹرمپ کو وقف کرتی ہوں‘، نوبل امن انعام ملنے کے بعد ماریا مچاڈو کا پہلا رد عمل آیا سامنے
ماریا مچاڈو کو جمہوری تبدیلیوں سے متعلق ان کی کوششوں کے لیے نوبل امن انعام دیا گیا ہے۔ اس اعزاز کے لیے انھوں نے شکریہ ادا کیا اور اسے وینزوئلا کے لوگوں کی تحریک آزادی کی منظوری قرار دیا۔

وینیزوئلا کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا مچاڈو نے نوبل امن انعام حاصل کر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خوابوں کو چکناچور کر دیا ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ اس نوبل امن انعام سے محروم رہ گئے ہیں، لیکن ماریا مچاڈو نے ایک ایسا بیان دیا ہے جو ٹرمپ کے لیے خوش کن ہے۔ انھوں نے اپنی کامیابی کے لیے امریکہ اور ٹرمپ کو بھرپور کریڈٹ دیا ہے۔ نوبل امن انعام حاصل کرنے کے بعد اپنے پہلے ردِعمل میں ماریا نے ڈونالڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : چاہے جو کر لوں، مجھے نوبل امن انعام نہیں ملے گا: ڈونلڈ ٹرمپ
قابل ذکر ہے کہ ماریا مچاڈو کو جمہوری تبدیلی سے متعلق کی گئی کوششوں کے لیے نوبل امن انعام دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس اعزاز پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وینزوئلا کے عوام کی آزادی کی جدوجہد کا عالمی اعتراف ہے۔ اس انعام کے اعلان کے بعد ماریا کے پہلے بیان نے پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔ انہوں نے یہ انعام وینزوئلا کی عوام کے ساتھ ساتھ امریکی صدر کو بھی وقف کر دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کی گئی پوسٹ میں ماریا مچاڈو نے لکھا ہے کہ ’’آج ہم کامیابی کی دہلیز پر کھڑے ہیں، اور پہلے سے کہیں زیادہ ہم صدر ڈونالڈ ٹرمپ، امریکہ کی عوام، لاطینی امریکہ کے لوگوں اور دنیا کے جمہوری ممالک پر آزادی اور جمہوریت حاصل کرنے کے اپنے بڑے اتحادیوں کے طور پر بھروسہ کرتے ہیں۔‘‘ وہ مزید لکھتی ہیں کہ ’’میں یہ انعام وینزوئلا کی مظلوم عوام اور ہمارے مقصد کے لیے ان کے فیصلہ کن تعاون پر صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے نام وقف کرتی ہوں!‘‘
واضح رہے کہ نوبل کمیٹی نے آج نوبل امن انعام کا اعلان کرتے ہوئے ماریا مچاڈو کو امن کی ایک بہادر اور پُرعزم علمبردار قرار دیا، جو بڑھتی ہوئی تاریکی کے درمیان جمہوریت کی شمع روشن رکھتی ہیں۔ اس اعلان کے دوران کمیٹی نے کہا کہ وہ وینزوئلا کی عوام کے جمہوری حقوق کے فروغ کے لیے مچاڈو کی انتھک جدوجہد اور آمریت سے جمہوریت کی طرف منصفانہ اور پُرامن تبدیلی کی کوششوں کے اعتراف میں انہیں یہ اعزاز دے رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔