8.2 شدت والے زلزلہ سے لرز اٹھا امریکی ریاست الاسکا، سونامی کی وارننگ جاری

زلزلے کی شدت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ بعد ازاں دو آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے جن کی شدت 6.2 اور 5.6 رہی۔

الاسکا، تصویر آئی اے این ایس
الاسکا، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

الاسکا: امریکی ریاست الاسکا میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں، اور خبروں کے مطابق ان جھٹکوں کے باعث الاسکا لرز اٹھا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آج صبح امریکی ریاست الاسکا میں شدید زلزلہ آیا، امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 8.2 ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد سونامی سے متعلق وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ زلزلے کی گہرائی 35 کلومیٹر نیچے تھی۔

شدید زلزلے کے باعث الاسکا کے جنوبی حصوں اور بحرالکاہل کے ساحلی علاقوں میں انتباہی الرٹ جاری کردیا گیا ہے، فوری طور پر کسی جانی ومالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ علی الصبح آنے والے شدید ترین زلزلے کے باعث لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ زلزلے کے بعد شدید نوعیت کے دو آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے جن کی شدت 6.2 اور 5.6 رہی۔


واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی اسی مہینے میں الاسکا کے جنوبی شہر شیگنک میں 7.8 کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا جس کی گہرائی 10 کلو میٹر تک تھی۔ وارننگ سسٹم نے بتایا تھا کہ سونامی کے لیے خطرناک لہریں زلزلہ مرکز کے 300 کلومیٹر کے اندر موجود ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Jul 2021, 6:50 PM