سری لنکا میں دریافت کیا گیا دنیا کا سب سے بڑا ’نیلم‘، قیمت جان کر سبھی حیران!

ماہرین نے اس نیلم کو ’سرینڈیپٹی سفائر‘ کا نام دیا ہے، اس کا مطلب ہوتا ہے ’قسمت سے ملا نیلم‘۔ ڈاکٹر جیمنی جوئسا نے کہا کہ اتنا بڑا نیلم اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا، یہ شاید 40 کروڑ سال پہلے بنا ہوگا۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

دنیا میں اب تک کا سب سے بڑا نیلم (بیش قیمتی پتھر) سری لنکا میں دریافت کیا گیا ہے اور اس کے وزن کے ساتھ ساتھ قیمت کے بارے میں جان کر ہر شخص حیران و ششدر ہے۔ دراصل سری لنکا میں ایک کاروباری کے گھر سے کنوئیں کی کھدائی کے دوران کم و بیش 510 کلو گرام کا بیش قیمتی نیلم دریافت کیا گیا ہے۔ اسے دنیا کا سب سے بڑا نیلم بتایا جا رہا ہے اور ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ بین الاقوامی بازار میں اس نیلم کی قیمت تقریباً 7.5 ارب روپے (10 کروڑ ڈالر) ہوگی۔

اس تعلق سے سری لنکا کے افسران کا کہنا ہے کہ واقعہ سری لنکا واقع رتن پورہ علاقے کا ہے جہاں بیش قیمتی زیورات کے ایک تاجر ڈاکٹر گماگے کے گھر کے پیچھے کنوئیں کی کھدائی کا کام چل رہا تھا۔ اسی دوران اچانک ایک بڑا سا نیلم دکھائی پڑا۔ 25 لاکھ کیریٹ کے اس نیلم کا وزن تقریباً 510 کلو گرام ہے۔ ڈاکٹر گماگے کے مطابق ان کے گھر میں کنوئیں کی کھدائی کے دوران مزدوروں کو یہ نیلم ملا جس کی جانکاری انھوں نے فوری طور پر دی۔ بعد میں ڈاکٹر گماگے نے اسے کنوئیں سے باہر نکلوایا۔


ماہرین نے اس نیلم کو ’سرینڈیپٹی سفائر‘ کا نام دیا ہے۔ اس کا مطلب ہوتا ہے ’قسمت سے ملا نیلم‘۔ مشہور ماہر جواہرات ڈاکٹر جیمنی جوئسا نے کہا کہ ’’میں نے اتنا بڑا نیلم اس سے پہلے کبھی بھی نہیں دیکھا۔ یہ شاید 40 کروڑ سال پہلے بنا ہوگا۔‘‘ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ سری لنکا کی صنعت جواہرات کے لیے یہ نیلم ’آبِ حیات‘ کا کام کر سکتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس وبا اور لاک ڈاؤن کے سبب گزشتہ سال سے اب تک یہاں کی صنعت جواہرات کو کافی نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ اس صنعت سے جڑے لوگوں نے امید ظاہر کی ہے کہ یہاں دریافت کردہ نیلم ایک بار پھر بین الاقوامی خریداروں کو سری لنکائی صنعت جواہرات کی طرف متوجہ کرنے کا کام کرے گا۔ نیشنل جیم اینڈ جویلری اتھارٹی آف سری لنکا کے چیف تلک ویرسنگھے کا کہنا ہے کہ ’’یہاں ملا یہ نیلم بے حد خاص ہے۔ شاید یہ دنیا کا سب سے بڑا نیلم ہے اور اس کی قیمت و سائز دیکھ کر ہمیں لگتا ہے کہ یہ بین الاقوامی ماہرین اور میوزیم کی توجہ واپس سری لنکا کی جانب کھینچے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */