پنج شیر پر حملہ کرنے پہنچے 350 طالبانی ہلاک، 40 قید میں: ناردرن الائنس

ٹوئٹر پر ناردرن الائنس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ شب خاوک میں حملہ کرنے پہنچے طالبان کے تقریباً 350 جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا ہے، جب کہ 40 سے زائد کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

افغانستان کے بیشتر علاقوں پر قبضہ کر چکے طالبان سے پنج شیر اب تک بچا ہوا ہے۔ گزشتہ دنوں طالبان اور ناردرن الائنس کے سرکردہ لیڈروں کے درمیان اہم میٹنگ ہوئی تھی جس میں جنگ بندی کا فیصلہ لیا گیا تھا، لیکن پیر کے روز سے لگاتار طالبان اور ناردرن الائنس کے درمیان پنج شیر میں تصادم کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق طالبانی جنگجوؤں نے ایک بار پھر پنج شیر پر حملہ کر دیا، لیکن اس میں 350 طالبانی جنگجو ہلاک ہو گئے اور 40 قیدی بنا لیے گئے۔ یہ جانکاری ناردرن الائنس نے سوشل میڈیا کے ذریعہ دی ہے۔

ٹوئٹر پر ناردرن الائنس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ شب خاوک میں حملہ کرنے پہنچے طالبان کے تقریباً 350 جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا ہے، جب کہ 40 سے زائد کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ این آر ایف کو اس دوران کئی امریکی گاڑیاں اور اسلحے ہاتھ لگے ہیں۔ اس سے قبل یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ منگل کی شب کو طالبان نے پنج شیر میں گھسنے کی کوشش کی جہاں اس کا مقابلہ ناردرن الائنس (مشرقی اتحاد) کے جنگجوؤں سے ہوا۔


مقامی صحافی ناطق ملک زادہ کے ذریعہ کیے گئے ایک ٹوئٹ کے مطابق افغانستان کے پنج شیر کے داخلی دروازے پر گل بہار علاقے میں طالبان جنگجوؤں اور ناردرن الائنس کے جنگجوؤں کے درمیان تصادم ہوا ہے۔ اتنا ہی نہیں، طالبان کے ذریعہ یہاں پر ایک پل اڑانے کی بھی خبر ہے۔ اس کے علاوہ کئی جنگجوؤں کو پکڑا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔