بل گیٹس کا انتباہ! اومیکرون ہم سبھی کے گھر پر دستک دے گا

بل گیٹس نے ٹوئٹ کیا کہ جب ایسا لگ رہا تھا کہ زندگی معمول پر آجائے گی، لیکن ہم وبائی مرض کے بدترین دور میں داخل ہونے والے ہیں۔ اومیکرون ہم سب کے گھروں میں دستک دے گا۔

مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس / آئی اے این ایس
مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

واشنگٹن: مائیکرو سافٹ کے شریک بانی اور ارب پتی بل گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا کا ویرینٹ اومیکرون تیزی سے پھیل رہا ہے اور لوگ اب وبائی مرض کے بدترین مرحلہ میں داخل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اومیکرون ویرینٹ ہم سبھی کے گھروں پر دستک دینے والا ہے۔ گیٹس نے ٹوئٹ کیا کہ انہوں نے چھٹیوں کے اپنے بیشتر منصوبے منسوخ کر دیئے ہیں کیونکہ ان کے قریبی دوست کورونا وائرس سے تیزی سے متاثر ہو رہے ہیں۔

گیٹس نے منگل کو دیر گئے ٹوئٹ کیا، ’’جب ایسا لگ رہا تھا کہ زندگی معمول پر آجائے گی، لیکن ہم وبائی مرض کے بدترین دور میں داخل ہونے والے ہیں۔ اومیکرون ہم سب کے گھروں میں دستک دے گا۔ میرے قریبی دوست کورونا سے متاثر ہو رہے ہیں اور میں نے چھٹیوں کے اپنے بیشتر منصوبے منسوخ کر دیئے ہیں۔‘‘


عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈنام گبریس پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ’’زندگی ختم کرنے سے بہتر ہے کہ چھٹیاں ختم کر دیں۔‘‘ امریکہ میں اومیکرون کے کیسز تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ یہاں تک کے کورونا کے نئے کیسز میں سے 73 فیصد کیسز اومیکرون سے وابستہ ہیں۔ گیٹس نے کہا، ’’اومیکرون ویرینٹ پہلے کے کورونا وائرس ویرینٹ سے زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ یہ جلد ہی دنیا کے ہر ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔‘‘

انہوں نے پوسٹ کیا، ’’ابھی تک یہ ظاہر نہیں ہوا ہے کہ اومیکرون آپ کو کس حد تک بیمار کر سکتا ہے۔ ہمیں اس کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے، جب تک کہ اس کے بارے میں مزید معلومات سامنے نہیں آتیں۔ چاہے یہ ڈیلٹا ویرینٹ کے مقابلہ کم خطرناک ہی کیونکہ ہو، لیکن اس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔‘‘


خیال رہے کہ برطانیہ میں اب تک اومیکرون کے 37000 سے زیادہ تصدیق شدہ کیسز ہیں، جن میں زیادہ تر کیسز پچھلے دو تین دنوں میں پائے گئے ہیں، جبکہ اومیکرون سے متاثرہ 12 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ وہیں ہندوستان میں مرکزی وزارت صحت نے منگل کے روز کہا کہ نیا کورونا ویرینٹ اومیکرون ڈیلٹا ویرینٹ سے تین گنا زیادہ متعدی ہے۔ گیٹس نے ایک ٹوئٹ میں کہا، ’’کچھ مہینے خراب ہو سکتے ہیں لیکن مجھے یقین ہے کہ اگر ہم درست قدم اٹھاتے ہیں تو 2022 میں یہ وبا ختم ہو سکتی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔