کورونا ویکسین نہیں لگوانے والے ملازمین خبردار، نوکری سے بھی ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے!

کمپیوٹر چِپ تیار کرنے والی کمپنی انٹیل نے مبینہ طور پر ملازمین کو اطلاع دی ہے کہ جن افراد کی ٹیکہ کاری نہیں ہوئی ہے، وہ 4 جنوری تک ٹیکہ لگوالیں نہیں تو انہیں ’ان پیڈ لیو‘ پر بھیج دیا جائے گا

کورونا وائرس، تصویر یو این آئی
کورونا وائرس، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

کمپیوٹر چِپ تیار کرنے والی کمپنی انٹیل نے مبینہ طور پر ملازمین کو اطلاع دی ہے کہ جن افراد کی ٹیکہ کاری نہیں ہوئی ہے، وہ 4 جنوری تک ٹیکہ لگوالیں نہیں تو انہیں ’ان پیڈ لیو‘ (بلا معاوضہ چھٹی) پر بھیج دیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی ٹی کی سرکردہ کمپنی نے ملازمین سے کہا ہے کہ جن افراد کو مذہبی طبی وجوہات کی بنا پر ٹیکہ لگوانے سے استثنیٰ حاصل نہیں ہے وہ اپریل کے مہینے سے بلا معاوضہ چھٹی پر رہیں گے۔

رپورٹ کے مطابق ملازمین کو ٹیکہ کاری کے لیے 4 جنوری تک کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ انٹیل 15 مارچ تک ملازمین کی چھوٹ کی درخواستوں کا جائزہ لے گی۔ وہیں، گوگل نے بھی اپنے ملازمین سے کہا ہے کہ اگر وہ مکمل ٹیکہ کاری نہیں کراتے تو انہیں تنخواہ نہیں دی جائے گی اور نوکری سے نکال دیا جائے گا۔


گوگل نے مبینہ طور پر کہا کہ اگر ملازمین ویکسین نہیں لگوائیں گے تو انہیں 30 دن کے لئے بلا معاوضہ چھٹی پر رکھا جائے گا۔ ایک داخلی میمو کے مطابق اگر وہ 30 دن کے بعد بھی حکم کی تعمیل نہیں کرتے ہیں، تو انہیں 6 ماہ تک کے لئے بلا معاوضہ چھٹی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور پھر انہیں نوکری سے نکالا بھی جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی انتظامیہ نے 100 یا اس سے زیادہ ملازمین والی کمپنیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے ملازمین کو 18 جنوری تک مکمل طور پر ویکسین دی جا چکی ہے یا ان کا باقاعدگی سے ٹیسٹ کیا جائے۔


گوگل نے اپنے 150000 سے زیادہ ملازمین سے کہا ہے کہ وہ اپنی ٹیکہ کاری رپورٹ اپنے انٹرنل سسٹم پر اپ لوڈ کریں۔ جیسے جیسے اومیکرون کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے، گوگل اپنے کل وقتی ملازمین کو 10 جنوری تک دفاتر میں واپس آنے کے لئے فیصلہ پر دوبارہ غور کر رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔