کورونا ٹیکہ کاری کی سست رفتار پر راہل گاندھی کا مودی حکومت پر نشانہ، پوچھا- ’بوسٹر ڈوز کب لگے گی؟‘

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ٹیکہ کاری کی سست رفتار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک میں تاحال بیشتر آبادی کو ٹیکہ نہیں لگایا گیا ہے

راہل گاندھی / تصویر ٹوئٹر
راہل گاندھی / تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کورونا کی تباہ کارروائیوں سے نبردآزما ہندوستان میں اب نئے ویرینٹ اومیکرون کا خطرہ گہراتا جا رہا ہے۔ مرکزی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا ٹیکہ کاری پر تیزی سے کام ہو رہا ہے جبکہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ملک میں کورونا ٹیکہ کاری کی سست رفتار پر سوال اٹھائے ہیں۔

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا کہ ملک کی بیشتر آبادی کو تاحال ٹیکہ نہیں لگایا گیا ہے۔ نیز انہوں نے سوال کیا ہے کہ بوسٹر ڈوز لگانے کی شروعات کب کی جائے گی۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کے ساتھ ایک میڈیا رپورٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے۔


خبروں کے مطابق ہندوستان میں موجودہ ٹیکہ کاری کی رفتار کے حساب سے دسمبر کے مہینے تک 42 فیصد آبادی کو ٹیکہ لگا دیا جائے گا۔ جبکہ تیسری لہر کو روکنے کے لئے دسمبر 2021 تک ملک کی 60 فیصد آبادی کو ٹیکہ لگ جانا چاہئے تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال سے اب تک کورونا کی وبا کے سبب لاکھوں لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ اس دوران ملک میں تمام افراد کو ٹیکہ لگائے جانے کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔ حال ہی میں ملک میں کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے کیسز میں لگاتار اضافہ ہوا ہے۔


ملک میں کووڈ کی نئی قسم اومیکرون کے 15 ریاستوں میں کل 213 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 90 کو اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود نے بدھ کو یہاں بتایا کہ دہلی میں اومیکرون کے سب سے زیادہ 57 کیسز ہیں۔ مہاراشٹر میں 54 افراد اومیکرون سے متاثر پائے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔