ہندوستان کے پہلے اے آئی کلینک کا گریٹر نوئیڈا کے سرکاری اسپتال میں ہوا افتتاح
کہا گیا ہے کہ اس پہلے اے آئی اسپتال کا بنیادی مقصد اے آئی پر مبنی ہیلتھ کیئر اسٹارٹ اپس کو حقیقی دنیا کے طبی ماحول میں اپنے حل ڈیولپ کرنے، تجربہ کرنے اور ان کی توثیق کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
قومی راجدھانی دہلی سے ملحق اترپردیش کےضلع گوتم بدھ نگر میں گریٹر نوئیڈا کے گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (جی آئی ایم ایس) میں ہندوستان کے پہلے اے آئی کلینک کا آن لائن افتتاح کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف ہیلتھ سروسز(اے ڈی جی ایچ ایس) حکومت ہند نے سینٹر فار میڈیکل انوویشن (سی ایم آئی) کے تحت قائم کلینک کی شروعات کی۔
یہ اے آئی کلینک میڈیکل انکیوبیٹر سینٹر کے ذریعے شروع کیا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد اے آئی پر مبنی ہیلتھ کیئر اسٹارٹ اپس کو حقیقی دنیا کے طبی ماحول میں اپنے حل ڈیولپ کرنے، تجربہ کرنے اور ان کی توثیق کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
اس آن لائن افتتاحی تقریب میں ہندوستان اور بیرون ملک سے 100 سے زیادہ افراد نے حصہ لیا۔ ان میں ڈاکٹر، اے آئی اسٹارٹ اپس، محققین، پالیسی ساز اور ماہرین تعلیم شامل تھے۔ اس موقع پرحکومت ہند کے محکمہ فارماسیوٹیکل (طبی آلات) کے جوائنٹ سکریٹری بھی موجود تھے۔ انہوں نے اس اقدام کو طبی آلات اوراے آئی پر مبنی صحت کی دیکھ بھال کے لیے ایک اہم قومی پلیٹ فارم قرار دیا۔
جی آئی ایم ایس کے ڈائریکٹر، پروفیسر اور ماہر اطفال بریگیڈیئر (ڈاکٹر) راکیش کمار گپتا نے کہا کہ یہ پہل ہیلتھ کیئر اسٹارٹ اپس کے لیے نئے مواقع اور رسائی فراہم کرے گی۔ انہوں نے اسے وقت کی ضرورت بتایا جس سے جدت مریضوں اور معالجین تک براہ راست پہنچ سکے۔ تقریب میں متعدد قومی اور بین الاقوامی مقررین نے شرکت کی، جن میں بین الاقوامی ماہر ڈاکٹر شیوکمار مانیکم، لیڈ کنسلٹنٹ - پیڈیاٹرک ریڈیولوجی، ایسیکس این ایچ ایس ٹرسٹ، لندن (یو کے) شامل ہیں۔ آئی آئی ٹی کانپور، آئی آئی ٹی مدراس اور آئی آئی آئی ٹی لکھنؤ جیسے سرکردہ تعلیمی اور اختراعی اداروں کی شراکت نے اس تقریب کو کثیر الشعبہ اور عالمی جہت دی۔
اس موقع پر موجود لوگوں نے سرکاری اسپتال میں اس طرح کی اے آئی پہل شروع کرنے کے لیے اتر پردیش حکومت کی دور اندیشی کی ستائش کی۔ انہوں نے اسے ملک کے لیے مثالی نمونہ قرار دیا۔ آن لائن افتتاح کے بعد 6 جنوری کو مجوزہ فزیکل لانچ کے لیے اسٹارٹ اپس اور معالجین میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ اے آئی کلینک کا مقصد کلینکل اے آئی ، میڈیکل امیجنگ، کلینیکل ڈسیزن سپورٹ سسٹم، ورک فلو آپٹیمائزیشن، مریض کی حفاظت اور ڈیٹا پر مبنی صحت کے حل تیار کرنے والے اسٹارٹ اپس کی مدد کرنا ہے۔