سعودی عرب میں ارجنٹینا پر جیت کا جشن نہیں تھم رہا، سرکاری تعطیل اور امتحان ملتوی

سعودی جنرل ایجوکیشن کی ترجمان ابستام الشھری کا کہنا ہے کہ شاہی فرمان کے تحت کل بروز بدھ دی جانے والی چھٹی کی وجہ سے ’پہلے سے شیڈول بدھ کے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں‘۔

Getty Images
Getty Images
user

قومی آوازبیورو

سعودی عرب نے ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں ارجنٹائن کو 2-1 سے شکست دے کر کھیلوں کی دنیا کو حیران کر دیا ہے اور سعودی عرب میں ہر خاص و عام اس جیت کے نشے میں چور ہے۔ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کے خلاف اپنی قومی فٹ بال ٹیم کی فتح کا جشن منایا ہے۔ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے قومی فٹ بال ٹیم کی عالمی کپ کے پہلے میچ میں ارجنٹائن کے خلاف شاندار فتح کی خوشی میں بدھ کو تمام ملازمین اور طلبہ کے لیے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

سعودی فٹ بال ٹیم کی جیت کا جشن منانے کی تعطیل کا اطلاق سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے ملازمین پر ہوگا۔ نیز تمام تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کوچھٹی ہوگی اور ان کے تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ سعودی جنرل ایجوکیشن کی ترجمان ابستام الشھری کا کہنا ہے کہ شاہی فرمان کے تحت کل بروز بدھ دی جانے والی چھٹی کی وجہ سے ’پہلے سے شیڈول بدھ کے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں‘۔


واضح رہے ارجنٹائن کی ٹیم فٹ بال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ میں یعنی فیفا عالمی کپ میں 18ویں مرتبہ شامل ہوئی ہے جبکہ سعودی عرب کے گرین فالکنز نے صرف چھٹی مرتبہ عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ ارجنٹائن کی ٹیم کو دوحہ کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کا فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا لیکن آف سائڈ اصول کی وجہ سے وہ پہلے ہاف میں تین گولوں سے محروم رہی ہے۔

سعودی فارورڈ سالم الدوسری نے دوسرے ہاف کے آغاز میں گول کرکے اپنی ٹیم کو دو ایک کی برتری دلادی تھی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی تھی۔ اس سے چند منٹ قبل صالح الشہری نے ارجنٹائن کے اسٹارلیونل میسی کے پینلٹی پر کیے گئے گول کے جواب میں پہلاگول کرکے میچ ایک، ایک سے برابر کر دیا تھا۔


سعودی کھلاڑیوں نے اس میچ میں بالخصوص دوسرے ہاف میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ انھوں نے یکے بعد دیگر دو گول کرکے ارجنٹائن کے خلاف اپنی برتری قائم کی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔اس حیران کن شکست نے ارجنٹائن کی ورلڈ کپ میں 36 میچوں کی فتوحات کے تسلسل کو بھی توڑ دیا ہے۔ یہ اس کے اسٹار اسٹرائیکر لیونل میسی کا آخری عالمی کپ ٹورنا منٹ ہوسکتا ہے۔

(بشکریہ  العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔