اگر ہندو ایک شادی کرتا ہے تو دوسرے مذہب والوں کو بھی ایک ہی شادی کرنی پڑے گی! آسام کے وزیر اعلیٰ کا گجرات میں بیان

گجرات انتخابات میں اب صرف ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ یکم دسمبر کو ہونے جا رہی ہے اور اس سے پہلے ہر پارٹی اپنی پوری طاقت انتخابی مہم میں جھونک رہی ہے

ہمانتا بسوا سرما، تصویر یو این آئی
ہمانتا بسوا سرما، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

گاندھی نگر: گجرات انتخابات میں اب صرف ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ یکم دسمبر کو ہونے جا رہی ہے اور اس سے پہلے ہر پارٹی اپنی پوری طاقت انتخابی مہم میں جھونک رہی ہے۔ بی جے پی کی طرف سے بھی تجربہ کار لیڈروں کی پوری فوج کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ گجرات انتخابات میں پارٹی امیدواروں کے لیے ووٹ مانگنے میں مصروف آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے یکساں سول کوڈ کا شوشہ چھوڑا ہے۔

گجرات میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے کہا کہ اگر ایک ہندو ایک سے شادی کرتا ہے تو دوسرے مذاہب کے لوگوں کو بھی ایک ہی شادی کرنی پڑے گی۔ ملک میں یکساں سول کوڈ کا نفاذ ہونا چاہیے۔ ایک شخص 2-3 شادیاں کرتا ہے، آخر آپ 2-3 شادیاں کیوں کریں گے؟ ملک میں جب ہندو ایک شادی کرتا ہے تو دوسرے مذاہب والوں کو بھی ایک ہی شادی کرنی چاہیے!


وزیر اعلیٰ سرما نے ریلی میں یکساں سول کوڈ کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے ملک میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کی ضرورت پر بات کی۔ خیال رہے کہ اتراکھنڈ کی طرح بی جے پی نے اپنے منشور میں ہماچل پردیش اور گجرات دونوں میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کی بات کی ہے۔ یہ اتراکھنڈ کے انتخابات میں بڑا مسئلہ بن گیا تھا۔

آسام کے وزیر اعلیٰ نے شردھا قتل کیس کے ملزم آفتاب کی بھی گجرات انتخابات میں انٹری کرائی۔ انہوں نے کہا ’’آفتاب نامی مسلمان لڑکے نے ایک ہندو لڑکی کے 35 ٹکڑے کر دیئے۔ اس نے لڑکی کو شادی کا جھانسہ دے کر یہ سب کیا۔ وہ دوسری لڑکیوں کو بھی ڈیٹ کرتا تھا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ملک میں بہت سے آفتاب ہیں لہٰذا ’لو جہاد‘ کے خلاف قانون بنایا جائے۔ اس سے پہلے کچھ کے جلسے میں انہوں نے کہا تھا ’’ملک میں مضبوط لیڈر نہیں ہوگا تو ہر شہر میں آفتاب پیدا ہوگا!‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */