فیفا عالمی کپ 2022: رونی کا ریکارڈ توڑنے سے صرف 2 قدم دور ہیں انگلینڈ کے اسٹرائیکر ہیری کین، ایران سے مقابلہ آج

انگلینڈ کے لیے 75 میچوں میں ہیری کین نے 51 گول کیے ہیں اور رونی کے 53 گول ہیں، اگر انگلینڈ کو اس عالمی کپ فائنل تک پہنچنا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے تو انھیں یہ ریکارڈ توڑنا ہوگا۔

ہیری کین، تصویر آئی اے این ایس
ہیری کین، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

فیفا عالمی کپ 2022 میں آج انگلینڈ کی ٹیم اپنی مہم کی شروعات ایران کے خلاف کرے گی۔ گروپ-بی کے اس پہلے میچ میں انگلش ٹیم آسانی سے جیت حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ حالانکہ انگلینڈ کو ایران کے اس چیلنج کو ہلکے میں نہیں لینا ہوگا کیونکہ ایشیا کی اس مشہور ٹیم نے کوالیفکیشن راؤنڈ میں اپنے گروپ میں ٹاپ کیا تھا۔ اس کے گروپ میں جنوبی کوریا کی ٹیم بھی تھی۔

آج کے میچ میں انگلینڈ کے کپتان اور اسٹرائیکر ہیری کین کی نظر قطر عالمی کپ میں انگلینڈ کے وین رونی کے ذریعہ اب تک کیے گئے سب سے زیادہ گول کے ریکارڈ پر ہے۔ انگلینڈ کے لیے 75 میچوں میں کین ہیری کے 51 گول ہیں جب کہ رونی کے 53 گول ہیں۔ یعنی ہیری کین دو قدم پیچھے ہیں۔ اگر انگلینڈ کو اس عالمی کپ کے فائنل تک پہنچنا ہے اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے، تو انھیں یہ ریکارڈ توڑنا ہوگا۔


نیوز ایجنسی شنہوا کی رپورٹ کے مطابق کین نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’امید ہے کہ میں اس ریکارڈ کو جلد سے جلد توڑ دوں گا۔‘‘ کین نے مارچ 2015 میں لتھوانیا کے خلاف ایک کھیل میں رونی کی جگہ لینے پر اپنا بین الاقوامی ڈیبیو کیا، 78 سیکنڈ بعد ایک گول کے ساتھ انھوں نے اپنی شروعات کی۔ 29 سالہ کین نے روس میں 2018 میں 6 گول کرنے کے بعد گولڈن بوٹ جیتا اور انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ کین نے مزید بتایا کہ ’’میں وین کے ساتھ کھیلنے کے لیے کافی پرجوش تھا اور وہ ایک بہت بڑے کھلاڑی ہیں، ہر کوئی ان کے ساتھ کھیلنا چاہے گا۔ میں نے انھیں اہم ٹورنامنٹس میں کھیلتے ہوئے دیکھا ہے اور ان کے قریب ہونا میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔‘‘

فیفا عالمی کپ میں انگلینڈ کی ٹیم تقریباً ہر بار دعویداروں میں سے ایک ہوتی ہے۔ لیکن اس کو اپنی دوسری ٹرافی جیتنے کا انتظار گزشتہ 56 سال سے ہے۔ اس نے 1966 میں اپنا واحد خطاب جیتا تھا۔ ’تھری لائنس‘ کے نام سے مشہور اس ٹیم میں اس بار بھی کئی کمال کے کھلاڑی شامل ہیں۔ ہیری کین، رحیم اسٹرلنگ، جوڈ بیلنگھم، بکایو ساکا، لیوک شا، مارکس ریشفورڈ کا کھیل تو دنیا بھر کے فٹبال شیدائیوں کو پسند ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔