فیفا ورلڈ کپ 2026: کناڈا نے رقم کی تاریخ، پہلی بار ناک آؤٹ مقابلے میں حاصل کی فتح، جنوبی افریقہ باہر
راؤنڈ آف 32 کے بعد کناڈا نے پہلی بار آخری 16 میں اپنی جگہ پختہ کی ہے۔ اس سے قبل 1986 اور 2022 میں کناڈا ورلڈ کپ کھیلنے اتری تھی، لیکن دونوں ہی بار ٹیم کا سفر گروپ اسٹیج میں ہی ختم ہو گیا تھا۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 کے پہلے مقابلے میں کناڈا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 1-0 سے شکست دے دی۔ لاس اینجلس اسٹیڈیم میں ملی اس جیت کے ساتھ ہی کناڈا نے تاریخ رقم کر دی۔ ٹیم نے ورلڈ کپ میں پہلی بار آخری 16 میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ میچ کے آغاز سے ہی کناڈا جنوبی افریقہ پر حاوی نظر آیا، اور ٹیم نے مسلسل جارحانہ کھیل کی بدولت ڈیفنس پر دباؤ بنانے کی کوشش کی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے بھی اچھے مووز دیکھنے کو ملے، لیکن ٹیم انہیں گول میں تبدیل نہیں کر سکی۔ دوسری جانب کناڈا کے پاس پہلے ہاف کے آخری منٹوں میں گول کرنے کے 2 بہترین مواقع آئے لیکن ٹیم ان سے فائدہ نہیں اٹھا پائی۔
موئز بومبیٹو کے شاندار ہیڈر کو جنوبی افریقہ کے ڈیفینڈر آبرے موڈیبا نے گول لائن کے پاس سے کلیئر کیا، جبکہ تاجون بکانن کے بہترین شاٹ کا گول کیپر رونوین ولیمز دفاع کرنے میں کامیاب رہے۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کی طرف سے کوئی بھی گول نہیں ہو سکا۔ دوسرے ہاف میں جنوبی افریقہ کے مقابلے کناڈا کی ٹیم زیادہ جارحانہ انداز میں کھیلتی ہوئی نظر آئی۔ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے گول پر یکے بعد دیگرے کئی حملے کیے۔ حالانکہ جنوبی افریقہ کے مضبوط ڈیفنس نے کناڈا کو برتری نہیں لینے دی۔ میچ کے 75ویں منٹ میں کناڈا نے بڑی چال چلتے ہوئے اسٹار کھلاری الفانسو ڈیوس کو میدان میں اتارا۔ ڈیوس نے میدان پر آنے کے ساتھ ہی اپنی رفتار اور بہترین ڈربلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کے ڈیفنس پر دباؤ بنایا۔
میچ اضافی وقت کی طرف بڑھتا ہوا نظر آ رہا تھا، لیکن تبھی انجری ٹائم کے دوسرے منٹ میں کناڈا کے کپتان اسٹیفن یوسٹاکیو نے باکس کے باہر سے شاندار شاٹ لگایا، جو براہ راست گول پوسٹ میں پہنچا۔ اسٹیفن کا یہ گول فیصلہ کن ثابت ہوا اور انہوں نے شریک میزبان ٹیم کے شائقین کو خوشی منانے کا موقع فراہم کیا۔ راؤنڈ آف 32 کے بعد کناڈا نے پہلی بار آخری 16 میں اپنی جگہ پکی کی ہے۔ اس سے قبل 1986 اور 2022 میں کناڈا ورلڈ کپ کھیلنے اتری تھی، لیکن دونوں ہی بار ٹیم کا سفر گروپ اسٹیج میں ہی ختم ہو گیا تھا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
