فیفا عالمی کپ 2026 میں کیپ ورڈے نے کیا بڑا الٹ پھیر، اسپین کو ڈرا پر روک حاصل کیا اپنا پہلا پوائنٹ

کیپ وردے کی اس کامیابی کی گونج پوری دنیا میں اس لیے سنائی دے رہی ہے کیونکہ یہ ملک رقبے کے لحاظ سے فیفا عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والا اب تک کا سب سے چھوٹا ملک ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/FIFAWorldCup">@FIFAWorldCup</a></p></div>
i

’فیفا عالمی کپ 2026‘ کے ’گروپ-ایچ‘ کے ابتدائی مقابلے میں فٹبال کی تاریخ کے سب سے بڑے اور حیرت انگیز اپ سیٹس میں سے ایک دیکھنے کو ملا ہے۔ اس بڑے ٹورنامنٹ میں پہلی بار قدم رکھنے والی کیپ وردے کی ٹیم نے خطاب کی مضبوط دعویدار اور یورپی چمپئن اسپین کو 0-0 کی برابری پر روک کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس چھوٹے سے افریقی ملک نے عالمی کپ کی تاریخ میں اپنا پہلا پوائنٹ بھی حاصل کر لیا۔

کیپ وردے کی اس کامیابی کی گونج پوری دنیا میں اس لیے سنائی دے رہی ہے کیونکہ یہ ملک رقبے کے لحاظ سے فیفا عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والا اب تک کا سب سے چھوٹا ملک ہے۔ عالمی درجہ بندی میں 64ویں مقام پر موجود اس ٹیم کے سامنے جب سابق عالمی چمپئن اسپین جیسی مضبوط ٹیم تھی تو کسی نے بھی اس نتیجے کا تصور نہیں کیا تھا۔ تقریباً 5 لاکھ آبادی والے اس ملک کے کھلاڑیوں نے میدان میں جس جدوجہد اور عزم کا مظاہرہ کیا، اس نے کھیل کے شائقین کے دل جیت لیے۔


اٹلانٹا کے مرسڈیز بینز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں اسپین کی ٹیم نے آغاز ہی سے گیند پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا اور تقریباً 70 فیصد وقت بال پوزیشن اپنے پاس رکھی۔ لیکن کیپ وردے کے 40 سالہ تجربہ کار گول کیپر ووزینا ہسپانوی فارورڈز کے سامنے دیوار بن کر کھڑے رہے۔ انہوں نے پہلے ہاف میں فیران ٹوریس کی جانب سے گول کرنے کی 3 کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ پورے میچ کے دوران کیپ وردے کے دفاع نے ہسپانوی حملوں کو مکمل طور پر بے اثر کر دیا۔

میچ میں جب کافی دیر تک اسپین کو کوئی کامیابی نہ مل سکی تو دوسرے ہاف کے آخری 20 منٹ میں کوچ نے اپنی نوجوان سنسنی لامین یامال اور نیکو ولیمز کو میدان میں اتارا۔ یامال نے آتے ہی چند اچھے پاس ضرور بنائے، لیکن کیپ وردے کے کھلاڑیوں نے انہیں بھی کھل کر کھیلنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ نتیجتاً میچ ڈرا رہا اور دونوں ٹیموں کو پوائنٹس تقسیم کرنے پڑے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔