فیفا عالمی کپ سیمی فائنل میں شکست کے بعد مراکشی شائقین کا زوردار ہنگامہ

خبر ہے کہ فرانس میں کئی مقامات پر مراکش کے شائقین جشن منانے والے فرانسیسی شائقین سے جھگڑ پڑے اور جم کر ہنگامہ کیا۔

فرانس میں فرانسیسی اور مراکشی شائقین کے درمیان تصادم اور آگ زنی، تصویر GETTY
فرانس میں فرانسیسی اور مراکشی شائقین کے درمیان تصادم اور آگ زنی، تصویر GETTY
user

قومی آوازبیورو

قطر میں کھیلے جا رہے فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچ میں فرانس نے مراکش کو صفر کے مقابلے دو گولوں سے شکست دے دی۔ اس کے بعد مراکش کے شائقین کا غصہ فرانس سے لے کر برسلز کی سڑکوں تک دیکھا گیا۔ خبر ہے کہ فرانس میں کئی مقامات پر مراکش کے شائقین جشن منانے والے فرانسیسی شائقین سے جھگڑ پڑے۔ برسلز میں مراکشی شائقین سڑکوں پر نکل آئے اور آگ لگانا شروع کر دی۔ اس دوران ان کی پولیس کے ساتھ پرتشدد جھڑپ بھی ہوئی۔

درحقیقت عالمی  کپ کے سیمی فائنل میں مراکش کو فرانس کے سامنے شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور فائنل کھیلنے اور جیتنے کا ان کا خواب چکناچور ہو گیا۔ شائقین عالمی  کپ کے سیمی فائنل میچ میں فرانس کے ہاتھوں شکست کو برداشت نہ کر سکے۔ اس کے بعد مراکشی شائقین برسلز کے ساؤتھ اسٹیشن پر جمع ہو گئے اور خوب ہنگامہ کیا۔ خبر ہے کہ مشتعل مراکشی شائقین نے پولیس پر آتش بازی بھی کی۔ اس کے بعد پولیس کو واٹر کینن کا بھی استعمال کرنا پڑا۔ پولیس نے کچھ مراکشی شائقین کو گرفتار بھی کیا۔


فرانس کی جیت کے بعد فرانسیسی شائقین جشن منانے سڑکوں پر نکل آئے تھے۔ لیکن کئی مقامات پر ان کی مراکشی شائقین کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ فرانس کو مراکش کا محافظ سمجھا جاتا ہے، ایسے میں مراکش کے تارکین وطن کی بڑی تعداد یہاں مقیم ہے۔ یہاں کئی مقامات پر فرانس اور مراکش کے شائقین آپس میں لڑ پڑے۔ کئی مقامات پر پرتشدد جھڑپیں بھی ہوئیں جس کے بعد فرانس بھر میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔

فرانسیسی وزیر داخلہ نے کہا کہ فرانسیسی حامیوں کے جشن منانے کی  طرح ہمارے مراکشی دوستوں کو مراکش کی ہار کا غم منانے کا پورا حق ہے اور انہیں ایسا کرنے سے کوئی روک نہیں سکتا، لیکن اس سب کے اظہار کا ایک طریقہ ہونا چاہئے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 10 دسمبر کو پیرس میں کئی مقامات پر اس طرح کی جھڑپیں دیکھی گئی تھیں جب مراکش نے پرتگال کو شکست دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔