مراکش کا خواب چکناچور، فرانس کا خطاب کے لئے ارجنٹائن سے مقابلہ

مراکش کی ٹیم نے کئی مرتبہ فرانس کے گول پر حملے کئے لیکن انہیں گول کرنے میں کامیابی نہیں ملی اب تیسرے مقام کے لئے وہ کروشیا کے ساتھ کھیلیں گے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

سید خرم رضا

دفاعی چیمپین  فرانس نے قطر میں مراکش  کے خواب کو چکنا چور کرتے ہوئےمراکش کی ٹیم کو صفر کے مقابلے دو گولوں سے شکست دی ۔ فرانس کا فیفا عالمی کپ کے فائنل میں مقابلہ  اب اتوار کو لیونل میسی کی ارجنٹائن ٹیم کے ساتھ ہوگا ۔

فرانس 2002 میں برازیل کے بعد لگاتار فائنل تک پہنچنے والا پہلا دفاعی چیمپئن بن گیا۔ اب فرانس کی ٹیم  برازیل (1962) اور اٹلی (1938) کے بعد تیسری ٹیم بن گئی ہے جو خطاب کے دفاع کے لئے میدان میں اترے گی۔سیمی فائنل مقابلہ کو دیکھنے کے لئے فرانس کے صدر قطر کے اسٹیڈئم میں موجود تھے اور انہوں نے اپنے ملک کی جیت  پر خوشی کا اظہار کیا ۔


فرانس نے پانچویں منٹ میں ابتدائی برتری حاصل کی جب فل بیک تھیو ہرنینڈز نے قریبی رینج سے ایکروبیٹک گول کیا۔ میچ میں مراکش کا قبضہ60 فیصد سےزیادہ تھا لیکن متبادل کھلاڑی رینڈل کولو میوانی نے 79ویں منٹ میں مباپے کے شاندار پاس پر گول کر کے فرانس  کی جیت پر مہر لگا دی ۔ اس ہار کے بعد اب مراکش تیسرے مقام کے لئے کروشیا  کے ساتھ کھیلے گی۔

ہرنینڈز کے ابتدائی گول نے فرانس کو ایک بہترین آغاز فراہم کیا کیونکہ ان کے اس گول نے جہاں  البیت اسٹیڈیم میں مراکش کی زبردست  حمایت کو خاموش کیا وہیں فرانس کی ٹیم کو اعتماد بخشا۔ پھر بھی یہ  ایک قریبی مقابلہ  ثابت ہوا کیونکہ مراکش نے اپنے کھلاڑیوں کی چوٹ کے باوجود شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور فرانس کو جیت کے لئے سخت جدو جہد کرنی پڑی۔


مراکش کی ٹیم نے کئی مرتبہ فرانس کے گول پر حملے کئے لیکن انہیں گول کرنے میں کامیابی نہیں ملی ۔ دوسرے گول میں جس خوبصورت کھیل کا مظاہرہ مباپے نے کیا اس نے ثابت کر دیا کہ ان کا شمار دنیا کے عظیم کھیلاڑیوں میں کیوں ہوتا ہے۔ مراکش کے زبردست دفاع کو چیرتے ہوئے جو خوبصور ت پاس انہوں نے دیا وہ دیکھتے ہی بنتا تھا ۔  مراکش کے کوچ نے اپنے ترکش میں موجود تما م کھلاڑیوں کا استعمال کیا لیکن  وہ فرانس کو جیت سے نہیں روک پائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔