فلم ’اے وطن میرے وطن‘ میں سارہ علی خان کے کام کی تشار گاندھی نے تعریف کی

 سارہ علی خان نے فلم 'اے وطن میرے وطن' میں مجاہدہ آزادی اوشا مہتا کا کردار ادا کیا ہے۔ جسے دیکھ کر تشار گاندھی نے سارہ علی خان کی تعریف کی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سارہ علی خان / تصویر: آئی اے این ایس</p></div>

سارہ علی خان / تصویر: آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

فلم ’اے وطن میرے وطن‘ آج کل خوب موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ ایک تو فلم کی کہانی جو جنگ آزادی کے ایک پہلو کو اجاگر کرتی ہے اور دوسرا فلم میں مجاہدہ آزادی اوشا مہتا کا کردار جسے ادا کیا ہے مشہور اداکارہ سارہ علی خان نے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ مہاتما گاندھی کے پڑپوتے تشار گاندھی نے اس فلم کو دیکھ کر سارہ علی خان کے کام کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکے۔

جب سے فلم 'اے وطن میرے وطن' سامنے آئی ہے سارہ علی خان خبروں میں ہیں۔ ایمیزون پرائم ویڈیو پر نشر ہونے والی اس فلم میں سارہ نے مجاہدہ آزادی اوشا مہتا کا کردار ادا کیا ہے۔ گو کہ فلم کو شائقین کا ’اوسط‘ ردعمل ملا ہے لیکن اب بابائے قوم مہاتما گاندھی کے پڑپوتے تشار گاندھی نے فلم 'اے وطن میرے وطن' دیکھ کر سارہ علی خان کی اداکاری کی تعریف کی ہے۔


سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے تشار گاندھی نے اوشا مہتا کو یاد کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ’’میں اوشا بین مہتا کو جانتے ہوئے بڑا ہوا ہوں۔ انہوں نے میرے یوتھ میں مجھے مینٹر کیا تھا۔ میں نے بھارت چھوڑو آندولن کے دوران کانگریس کی خفیہ ریڈیو چلانے کے ان کے کارناموں کے قصے سنے تھے۔ یہ تمام یادیں میرے دل میں ایک بار پھر زندہ ہو گئیں جب میں نے اے وطن میرے وطن دیکھی۔ شکریہ سارہ علی خان، اوشا بین کو ایک بار پھر زندہ کرنے کے لیے۔‘‘

فلم ’اے وطن میرے وطن‘ کی کہانی 1942 کی ہندوستان چھوڑو تحریک کے دوران ترتیب دی گئی ہے۔ حقیقی زندگی کے واقعات پر مبنی یہ فلم ان نامعلوم ہیروز کے بارے میں بات کرتی ہے جنہوں نے ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم میں سارہ علی خان نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ سارہ اوشا مہتا کے کردار میں نظر آ رہی ہیں، جن کے زیر زمین ریڈیو سسٹم نے اس تحریک میں بڑا کردار ادا کیا۔


اس فلم میں سارہ علی خان کے علاوہ سچن کھیڈیکر، ابھے ورما، سپرش سریواستو، ایلکس او نیل اور آنند تیواری نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔ فلم میں عمران ہاشمی کیمیو کرتے نظر آتے ہیں۔ ہدایت کار کنن ایرّ نے اس فلم کو ڈائریکٹ کیا ہے جسے کرن جوہر نے دھرما پروڈکشن کے بینر تلے پروڈیوس کیا ہے۔ ریلیز کے بعد 'اے وطن میرے وطن' کو ملے جلے تبصرے ملے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اپنی پرفارمنس کی وجہ سے سارہ علی خان ٹرول کا نشانہ بھی بنیں جبکہ شائقین نے ان کی پرفارمنس کو خوب پسند کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔