مشہور بھوجپوری اداکارہ سحر افشاں نے ’اسلامی تعلیمات‘ کے مطابق زندگی گزارنے کے لیے چھوڑی فلم انڈسٹری

زائرہ وسیم اور ثنا خان کے بعد اب سحر افشاں بھی فلم کی چمک دمک کو چھوڑ کر اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے والی اداکاراؤں کی فہرست میں شامل ہو گئی ہیں۔

سحر افشا کی فائل تصویر
سحر افشا کی فائل تصویر
user

آس محمد کیف

اتر پردیش میں بے حد مشہور بھوجپوری فلموں کی اداکارہ سحر افشاں نے اداکاری کی دنیا کو خود سے جدا کرتے ہوئے خدا کے بتائے راستے پر چلنا قبول کر لیا ہے۔ سحر افشاں نے فلم انڈسٹری سے دوری کافی دنوں سے بنائی ہوئی تھی، لیکن اب اس سلسلے میں باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وہ کبھی فلموں میں کام نہیں کریں گی۔ سابق بالی ووڈ اداکارہ ثنا خان سے ان کی نزدیکیاں گزشتہ کچھ دنوں میں کافی بڑھ گئی تھیں اور بتایا جاتا ہے کہ اس صحبت نے ہی سحر افشاں کو فلموں سے دور رہنے پر آمادہ کیا۔ اب سحر افشا نے ثنا خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اسلامی زندگی اختیار کر لیا ہے۔

سحر افشاں کا کہنا ہے کہ اسلام کی راہ پر چلنے کے لیے انھوں نے فلم انڈسٹری کو الوداع کہہ دیا ہے۔ زائرہ وسیم اور ثنا خان کے بعد اب سحر افشاں بھی فلم کی چمک دمک کو چھوڑ کر اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے والی اداکاراؤں کی فہرست میں شامل ہو گئی ہیں۔ سحر نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کے زریعہ فلم انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا۔ انھوں نے پوسٹ میں کہا کہ گلیمر بھری لائف کو چھوڑ کر اب وہ اللہ کے بتائے راستے پر چلیں گی۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’’میں آپ سبھی کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں نے فلم انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب میرا اس سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ میں اپنی باقی زندگی اسلامی تعلیمات اور اللہ کے بتائے راستے کے مطابق گزاروں گی۔ میں اپنی پچھلی زندگی کے لیے اللہ سے توبہ کرتی ہوں اور اللہ سے معافی کی طلب گار ہوں۔‘‘


اس پوسٹ میں سحر افشاں یہ بھی لکھتی ہیں کہ ’’میں اتفاق سے اس انڈسٹری میں آ گئی تھی۔ لیکن اب سب ختم کرنے کا ارادہ کر لیا ہے۔ اگلی زندگی اللہ کے نام ہوگی۔‘‘ وہ بتاتی ہیں کہ شہرت اور دولت ملنے کے بعد بھی من کو کبھی سکون نہیں ملا۔ انھوں نے بچپن میں بھی اس طرح کی زندگی کا خواب نہیں دیکھا تھا، بس اتفاقاً اس انڈسٹری میں آ گئیں۔

سحر افشاں کے فلم انڈسٹری چھوڑنے پر ثنا خان نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ثنا نے سحر افشا کے سوشل میڈیا پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے ’’میں تمھارے لیے بہت خوش ہوں۔ اللہ تمھیں ہر قدم پر کامیابی عطا کرے۔ تم اور بھی لوگوں کے لیے ترغیب کا ذریعہ بنو اور انسانیت کے لیے ذریعہ خیر بنو۔‘‘

ثنا خان اور سحر افشاں
ثنا خان اور سحر افشاں

سحر افشاں کے فلم انڈسٹری چھوڑنے پر جامعہ ملیہ اسلامیہ کی طالبہ فوزیہ خان کا بھی بیان سامنے آیا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ ’’کسی چیز کو اچانک چھوڑنے کے لیے بہت ہمت چاہیے۔ کوئی بھی اداکار یا اداکارہ ایکٹنگ کی دنیا میں آنے کے لیے بہت محنت کرتا ہے، تب جا کر شہرت اور دولت ملتی ہے۔ ایسے میں اسلام کے لیے ایکٹنگ کو چھوڑنا سبھی کے لیے ایک ترغیب بھرا فیصلہ ہے۔ فوزیہ کہتی ہیں کہ اللہ جس کو چاہے ہدایت دے دے۔ دین کے لیے دنیا کو چھوڑنا ہدایت بھرا فیصلہ ہے۔‘‘ ملٹی نیشنل کمپنی میں کام کرنے والی ادیبہ کہتی ہیں کہ ’’یہ پہلی بار نہیں ہے جب کسی اداکارہ نے اسلام کی محبت میں گلیمر بھری زندگی چھوڑی ہو۔ پہلے بھی زائرہ وسیم اور ثنا خان جیسی بڑی اداکارائیں فلم انڈسٹری چھوڑ چکی ہیں۔‘‘ ادیبہ بتاتی ہیں کہ قرآنِ پاک میں ایک آیت ہے جس کا مطلب ہے ’’اللہ جس کو چاہتا ہے ہدایت دیتا ہے اور اپنی طرف آنے کا راستہ دکھاتا ہے۔‘‘

واضح رہے کہ سحر افشاں بھوجپوری فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار کھساری لال یادو اور پون سنگھ کے ساتھ بھی کام کر چکی ہیں۔ انھوں نے اپنے فلمی کیریر کی شروعات 2018 میں تیلگو فلم ’کرتا کرما کریا‘ سے کی تھی۔ اس فلم میں ان کے ذریعہ نبھایا گیا کردار لوگوں کو بہت پسند آیا تھا۔ بھوجپوری فلموں میں انھوں نے 2020 میں قسمت آزمائی کی تھی جب ’مہندی لگا کے رکھنا 3‘ ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم میں کھساری لال اہم کردار میں تھے۔ فروری 2021 کی سپرہٹ فلم ’گھاتک‘ میں وہ پون سنگھ کے ساتھ نظر آئی تھیں۔ علاوہ ازیں وہ پون سنگھ کے ساتھ ہی ’لندن ڈریمز‘ میں بھی دکھائی دی تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔