عالمی معاشی بحران: ورلڈ بینک نے ہندوستان کے بعد پاکستان اور سری لنکا کی جی ڈی پی کا اندازہ بھی گھٹا دیا

ورلڈ بینک نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سری لنکا کی مانیٹری، خارجہ اور مالیاتی عدم توازن و غیر مستحکم سیاسی حالات کے سبب ملک کی معیشت میں غیر یقینی بنی ہوئی ہے۔

عالمی بینک، تصویر آئی اے این ایس
عالمی بینک، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دنیا میں معاشی بحران کا اثر اب کئی ممالک میں صاف دکھائی دینے لگا ہے۔ معاشی بحران کا ہی اثر ہے کہ ورلڈ بینک نے گزشتہ دنوں ہندوستان کا جی ڈی پی اندازہ 6.6 سے گھٹا کر 6.3 کر دیا تھا، اور اب خبر ہے کہ پاکستان کے علاوہ سری لنکا کی جی ڈی پی کا اندازہ بھی ورلڈ بینک نے گھٹا دیا ہے۔ پاکستان کی جی ڈی پی گھٹائے جانے کی خبر گزشتہ روز منظر عام پر آئی تھی جب بتایا گیا تھا کہ ورلڈ بینک نے پاکستان کے جی ڈی پی اندازے کو 0.4 فیصد تک گھٹا دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈ بینک نے اکتوبر ماہ میں پاکستان کے لیے جی ڈی پی اندازہ 2 فیصد بتایا تھا، یعنی اب یہ گھٹ کر 1.6 فیصد تک گر گیا ہے۔

تازہ خبر ورلڈ بینک کے ذریعہ سری لنکا کی جی ڈی پی اندازے کو گھٹائے جانے سے متعلق موصول ہو رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈ بینک نے معاشی بحران سے نبرد آزما سری لنکا کی جی ڈی پی میں اس سال 4.3 فیصد کی گراوٹ کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ عالمی ادارہ نے اپنی اَپڈیٹیڈ رپورٹ میں کہا ہے کہ سری لنکا میں طلب کم بنی ہوئی ہے، روزگار اور آمدنی میں گراوٹ آئی ہے اور سپلائی میں آ رہے رخنات سے پروڈکشن بری طرح متاثر ہوا ہے۔


ورلڈ بینک نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سری لنکا کی مانیٹری، خارجہ اور مالیاتی عدم توازن و غیر مستحکم سیاسی حالات کے سبب ملک کی معیشت میں غیر یقینی بنی ہوئی ہے۔ ورلڈ بینک نے معاشی بحران کے اصل اسباب کو دور کرنے اور مستقبل میں ایسے بحران سے بچنے کے لیے مضبوط معیشت کی تعمیر پر زور دیا ہے۔ مالدیپ، نیپال اور سری لنکا کے ورلڈ بینک نمائندہ فارس ایچ ہداد-جیرووس نے کہا کہ سری لنکا پر معاشی بحران کا گہرا اثر پڑا ہے۔ پانچ لاکھ سے زیادہ لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں اور 2021 و 2022 میں 27 لاکھ نئے لوگ خط افلاس سے نیچے آ گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔