ٹی-20 عالمی کپ: کوچ شاستری اور مینٹر دھونی کو لے کر گاوسکر کیوں ہیں متفکر!

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گاوسکر نے سابق کھلاڑی مہندر سنگھ دھونی کے اس سال ہونے والے آئی سی سی ٹی-20 عالمی کپ کے لیے ٹیم انڈیا کے مینٹر بنائے جانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ چکے سابق ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی کو اس سال ہونے والے آئی سی سی ٹی-20 عالمی کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم کا مینٹر بنایا گیا ہے جس پر مایہ ناز سابق ہندوستانی کپتان سنیل گاوسکر نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ حالانکہ انھوں نے کہا کہ انھیں امید ہے کہ دھونی کی پالیسی اور ٹیم سلیکشن کو لے کر ٹیم کے چیف کوچ روی شاستری کے ساتھ ٹکراؤ نہیں ہوگا۔

سنیل گاوسکر نے ’آج تک‘ سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’دھونی کی قیادت میں ہندوستان نے 2011 عالمی کپ جیتا اور چار سال پہلے انھوں نے 2007 میں ٹی-20 عالمی کپ جیتا تھا۔ ان کی تقرری ہونا ہندوستان کے لیے مفید ہوگا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ایک وقت تھا جب سابق کوچ جان رائٹ تھوڑے نروس رہتے تھے۔ انھیں لگتا تھا کہ میں ان کی جگہ لوں گا۔ لیکن شاستری کو پتہ ہے کہ دھونی کو کوچنگ میں کم دلچسپی ہے۔ اگر شراکت داری اچھی رہی تو ہندوستان کو اس سے فائدہ ہوگا۔‘‘


گاوسکر نے کہا کہ ’’اگر پالیسی اور ٹیم سلیکشن کو لے کر کچھ اختلاف رہا تو اس کا منفی اثر ٹیم پر پڑ سکتا ہے۔ لیکن دھونی کی تقرری ٹیم انڈیا کے لیے ایک طاقت کی طرح ہے۔ ان کے پاس کافی تجربہ ہے اور وہ سب جانتے ہیں۔ جب دھونی بین الاقوامی کرکٹ میں سرگرم تھے تو ان سے بڑا کوئی کھلاڑی نہیں تھا۔‘‘ گاوسکر نے ساتھ ہی کہا کہ ’’دھونی کی تقرری اچھی خبر ہے لیکن میں بس دعا کر رہا ہوں کہ کوئی ٹکراؤ نہ ہو۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔