ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کے خلاف ایک اننگ میں بنائے محض 27 رن، 148 سالہ تاریخ میں پہلی بار 7 بلے باز صفر پر پویلین لوٹے

آسٹریلیا نے جیت کے لیے ویسٹ انڈیز کو 204 رنوں کا ہدف دیا تھا، اسٹارک اور بولینڈ کی گیند بازی کے سامنے ویسٹ انڈیز کی ٹیم تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔ پوری ٹیم 27 رن کے معمولی اسکور پر آل آؤٹ ہو گئی۔

<div class="paragraphs"><p>وکٹ لینے کے بعد آسٹریلیا کے کھلاڑی</p></div>

وکٹ لینے کے بعد آسٹریلیا کے کھلاڑی

user

قومی آواز بیورو

ویسٹ انڈیز کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف سبینا پارک، کنگسٹن، جمیکا میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگ میں بدترین مظاہرہ کرتے ہوئے محض 27 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ اس شکست کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے کئی شرمناک ریکارڈ بھی اپنے نام درج کرا لیے۔ ویسٹ انڈیز کے 7 بلے باز بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے، جو کہ ٹیسٹ کرکٹ کی 148 سال تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔ اس سے قبل ٹیسٹ تاریخ میں 9 بار 6 بلے باز صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔ یعنی یہ پہلی مرتبہ ہے جب 7 کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

جمیکا ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے جیت کے لیے ویسٹ انڈیز کو 204 رنوں کا ہدف دیا تھا۔ اس چھوٹے سے ہدف کے تعاقب میں مچل اسٹارک اور اسکاٹ بولینڈ کی گیند بازی کے سامنے ویسٹ انڈیز کی ٹیم تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔ پوری ٹیم 27 رن کے معمولی اسکور پر آل آؤٹ ہو گئی، جو ٹیسٹ کی تاریخ میں ویسٹ انڈیز کا سب سے چھوٹا اور مجموعی طور پر دوسرا سب سے چھوٹا اسکور رہا۔ ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگ میں سب سے کم اسکور بنانے کا عالمی ریکارڈ نیوزی لینڈ کے نام ہے۔ 1955 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کی ایک اننگ میں نیوزی لینڈ نے صرف 26 رن بنائے تھے۔


بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آسٹریلیا کے تیز گیند باز مچل اسٹارک کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کا خطاب دیا گیا۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کی دوسری اننگ کو 27 رن پر سمیٹنے میں اسٹارک کا اہم کردار رہا، اس نے 6 وکٹ لے کر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے تیز 5 وکٹ (صرف 15 گیندوں میں) لینے کا ریکارڈ اپنے نام درج کر لیا۔ اسٹارک سے قبل یہ ریکارڈ مشترکہ طور پر آسٹریلیا کے ایرنی ٹوشیک (1947)، انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ اور آسٹریلیا کے اسکاٹ بولینڈ کے نام ہے، ان تینوں نے 19-19 گیندوں پر 5 وکٹ حاصل کیے تھے۔

دوسری اننگ میں 6 وکٹ لینے والے مچل اسٹارک نے ٹیسٹ کرکٹ میں 400 وکٹ بھی مکمل کر لیے۔ انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 19062 ویں گیند پر یہ کارنامہ انجام دیا۔ ڈیل اسٹین کے بعد گیندوں کے لحاظ سے سب سے تیز 400 وکٹ لینے والے وہ دوسرے گیند باز ہیں۔ ان کے علاوہ اسکاٹ بولینڈ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی ہیٹ ٹرک لے کر ریکارڈ قائم کیا۔ ٹیسٹ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے وہ آسٹریلیا کے 10ویں جبکہ دنیا کے 45 ویں گیند باز بن گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔