فائنل میں پہنچنے کے لیے ہمیں دباؤ میں بھی نکھر کر آنا ہوگا: لینگر

لینگر نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں زیادہ تر ٹیمیں دوسری اننگز میں بیٹنگ کر کے جیت رہی ہیں۔ ہمارے پاس ایک اضافی بلے باز ہے جو دباؤ کی پوزیشن میں کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔

جسٹن لینگر، تصویر آئی اے این ایس
جسٹن لینگر، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

دبئی: آسٹریلیا نے لگاتار چار میچوں میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ٹی- 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے لیکن اب اس کے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر کا خیال ہے کہ فائنل میں پہنچنے کے لیے ان کی ٹیم کو دباؤ میں نکھر کر مظاہرہ کرنا ہوگا۔

آسٹریلیا کا سیمی فائنل میں ممکنہ طور پر مقابلہ پاکستان سے ہوگا جو اس وقت گروپ 2 میں پہلے مقام پر ہے۔ دوسری جانب آسٹریلیا اپنے گروپ میں انگلینڈ کے بعد دوسرے نمبر پر رہی تھی۔ اس ورلڈ کپ میں اور خاص طور پر دبئی میں، ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم جیت رہی ہے۔ نیوزی لینڈ واحد ٹیم رہی جس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دوبئی میں جیت حاصل کی، لیکن اس کا مقابلہ نسبتاً کمزور ٹیم اسکاٹ لینڈ سے تھا۔


دوسری جانب آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ کا واحد میچ انگلینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہارا ہے جبکہ چار میچ دوسری اننگز میں بیٹنگ کرتے ہوئے وہ جیت چکے ہیں۔ اس کے باوجود کوچ لینگر کا ماننا ہے کہ ناک آؤٹ میچوں میں بڑے ہدف کا دباؤ ٹیم کو منتشر کر سکتا ہے۔

جسٹن لینگر نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں زیادہ تر ٹیمیں دوسری اننگز میں بیٹنگ کر کے جیت رہی ہیں۔ ہمارے پاس ایک اضافی بلے باز ہے جو دباؤ کی پوزیشن میں کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔ لینگر نے اس ٹورنامنٹ میں ایک بڑی تبدیلی کرتے ہوئے سات بلے بازوں کے ساتھ جانے کا بہادرانہ فیصلہ کیا، جو کہ ان کے دیرینہ امتزاج چھ بلے بازوں اور پانچ گیند بازوں کے سے الگ ہے۔


پاکستان کے خلاف ممکنہ سیمی فائنل میچ میں لینگر اپنے پرانے ساتھی میتھیو ہیڈن سے طویل عرصے بعد ملیں گے۔ ہیڈن پاکستانی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں شامل ہیں۔ لینگر نے کہا کہ ہم پورے ٹورنامنٹ میں مسلسل ایک دوسرے کو پیغامات بھیج کر بات کرتے رہے ہیں۔ اگرچہ ہمیں ان سے ملے ہوئے کافی وقت ہو گیا ہے، لیکن سیمی فائنل کا دن دلچسپ ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔