ٹی-20 عالمی کپ 2022: نیدرلینڈ کے خلاف ہاردک پانڈیا کے بغیر اتر سکتی ہے ہندوستانی ٹیم، ہڈا کو موقع کا انتظار

نیدرلینڈ کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے ہندوستانی ٹیم سڈنی پہنچ گئی ہے اور میڈیا رپورٹس کے مطابق آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا سمیت پوری گیندبازی یونٹ (سوائے آر اشون کے) کو مکمل آرام دیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ٹی-20 عالمی کپ 2022 کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد ہندوستانی ٹیم کا حوصلہ بلند ہے۔ ہندوستان کا اگلا میچ جمعرات کو نیدرلینڈ کے ساتھ ہے جہاں جیت حاصل کر وہ گروپ میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنے پر توجہ دے گا۔ لیکن امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس میچ میں ہاردک پانڈیا کو آرام دیا جا سکتا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ پاکستان کے خلاف میچ سے ایک دن قبل پانڈیا کی طبیعت کچھ ناساز تھی، اور پاکستان کے خلاف میچ کے دوران بھی انھیں کچھ دقتوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ایسے میں بڑے میچ سے پہلے ان کا پوری طرح فٹ ہونا ضروری ہے۔

نیدرلینڈ کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے ہندوستانی ٹیم سڈنی پہنچ گئی ہے اور میڈیا رپورٹس کے مطابق آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا سمیت پوری گیندبازی یونٹ (سوائے آر اشون کے) کو مکمل آرام دیا گیا ہے۔ یعنی سبھی اہم گیندبازوں کو تر و تازہ بنائے رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور انھیں زخمی ہونے سے بچایا بھی جا رہا ہے۔ جہاں تک ہاردک پانڈیا کو آرام دینے کا سوال ہے، تو ان کی جگہ پر دیپک ہڈا کو فائنل الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ہڈا بھی موقع کا انتظار کر رہے ہیں، کیونکہ سوریہ کمار یادو اور ہاردک پانڈیا کی موجودگی میں ان کے لیے ٹیم میں جگہ بننا مشکل ہے۔ ویسے ٹیم مینجمنٹ کا ماننا ہے کہ پانڈیا کو اگر آرام دیا گیا تو ہڈا کو آزمانا درست ہوگا، کیونکہ وہ بلے بازی کے ساتھ ساتھ پاور پلے میں تیز آف بریک گیند بھی پھینک سکتے ہیں۔


بہرحال، سڈنی میں آج وراٹ کوہلی، روہت شرما، کے ایل راہل، دنیش کارتک، رشبھ پنت اور دیپک ہڈا نے دو گھنٹے تک نیٹ پریکٹس کی۔ کے ایل راہل کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ہندوستانی کوچنگ اسٹاف نے ان کے فٹ وَرک نظر رکھی اور کچھ مشورے دیے گئے۔ دراصل ہندوستان نے بھلے ہی پاکستان کے خلاف عالمی کپ کی تاریخ میں سب سے دلچسپ مقابلہ جیت لیا ہو، لیکن راہل کا فارم موضوعِ فکر ہے۔ وہ پاکستان کے خلاف گزشتہ چار میچوں میں سے تین اننگ میں ناکام رہے ہیں۔ یہاں تک کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف دو فریقی سیریز میں بھی کے ایل راہل نے چند ہی تیز طرار پاریاں کھیلی تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔