سنیل گاوسکر نے 6 مارچ کو کھیلا تھا ڈیبیو ٹسٹ، 50 سال مکمل

اپنی پہلی ٹیسٹ سیریز میں گاوسکر نے چار میچوں میں 774 رنز بنائے تھے جو آج بھی کسی ہندوستانی کا ایک ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ ہے۔

سنیل گاوسکر، تصویر آئی اے این ایس
سنیل گاوسکر، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: کرکٹ کے لیجنڈ اور عظیم ترین اوپنر سنیل گواسکر اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کے 50 سال مکمل کرنے جا رہے ہیں۔ 6 مارچ کو، گاوسکر کے ٹیسٹ ڈیبیو کو 50 سال مکمل ہوں گے۔ اوریجنل لٹل ماسٹر گاوسکر نے 6 مارچ 1971 کو پورٹ آف اسپین میں طاقتور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اورانہوں نے دونوں اننگز میں 65 اور ناٹ آؤٹ 67 رنز بنائے تھے۔

اپنی پہلی ٹیسٹ سیریز میں گاوسکر نے چار میچوں میں 774 رنز بنائے تھے جو آج بھی کسی ہندوستانی کا ایک ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ ہے۔ انہوں نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز اس سیریز کے دوسرے ٹیسٹ سے کیا تھا۔ انہوں نے پھر اگلے تین ٹیسٹ میچوں میں 116، ناٹ آوٹ 64، ایک، ناٹ آوٹ 117، 124 اور 220 رنز بنائے۔ اس سیریز میں انہوں نے چار سنچریاں اور تین نصف سنچریاں اسکور کیں۔


گاوسکرکے پہلی سیریز کے اس ریکارڈ کے آس پاس خود گواسکر ہی پہنچ سکے، جب انہوں نے 1978-79 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف چھ ٹیسٹ میچوں کی ہوم سیریز میں 732 رنز بنائے تھے۔ دیگر کوئی ہندوستانی بلے باز اس ریکارڈ تک نہیں پہنچا ہے۔ گواسکر کے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اور سنچریاں بنانے کے ریکارڈ کو ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر نے توڑا، لیکن سچن ایک سیریز میں سب سے زیادہ رنوں کے گواسکر کے ریکارڈ کو توڑ نہیں سکے۔

71 سال کے ہوچکے گاوسکر نے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے پہلے دس ہزار رن مکمل کیے تھے اور صدی کے عظیم ترین بلے باز آسٹریلیا کے سر ڈان بریڈمین کا 29 سنچریوں کا ریکارڈ توڑا تھا۔ گاوسکر ٹیسٹ تاریخ میں بہترین سلامی بلے بازوں میں سے ایک مانے جاتے ہیں اور وہ 70-80 کی دہائی میں ہندوستانی بیٹنگ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے تھے۔ اپنے 16 سالہ کیریئر میں گواسکر نے 125 ٹیسٹ میچوں میں 10122 رنز بنائے جن میں 34 سنچریاں اور 45 نصف سنچریاں شامل ہیں۔


بہترین تکنیک اور مضبوط ڈفینس کی خوبیوں سے مالامال گاوسکر پہلے ایسے ہندوستانی کھلاڑی تھے جنہوں نے ہندوستانی کھلاڑیوں کو پروفیشنلزم سے روبرو کرایا۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ٹی وی کمنٹیٹر، مصنف اور تجزیہ کار کا کردار انہوں بخوبی ادا کیا۔ وہ آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین رہنے کے علاوہ کئی انتظامی عہدوں پر بھی کام کیا ہے۔ عالمی کرکٹ کا سب سے معزز نام گاوسکر نے ہندوستانی کرکٹ کو عالمی پہچان دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔