شکھر دھون کا بین الاقوامی اور گھریلو کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان، ویڈیو کے ذریعے دیا جذباتی پیغام

شکھر دھون نے اپنے خاندان، کوچز، اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دل میں سکون ہے کہ انہوں نے بھرپور طریقے سے ملک کے لیے کھیلنے کا خواب پورا کیا

<div class="paragraphs"><p>شکھر دھون / ویڈیو گریب</p></div>

شکھر دھون / ویڈیو گریب

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: انڈین کرکٹ اسٹار شکھر دھون نے بین الاقوامی اور گھریلو کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے اپنے فیصلے کا اعلان ایک جذباتی ویڈیو پیغام کے ذریعے کیا، جس میں انہوں نے اپنے کرکٹ کیریئر کی یادوں کا اشتراک کرتے ہوئے تشکر کا اظہار کیا۔ شکھر دھون ٹیم انڈیا میں ’گبر‘ کے نام سے مشہور تھے۔

ویڈیو میں شکھر دھون نے کہا کہ وہ آج ایک ایسے مقام پر کھڑے ہیں جہاں پیچھے یادیں اور آگے ایک پوری دنیا نظر آتی ہے۔ دھون نے اپنے کرکٹ کے سفر کی ابتدا سے لے کر آج تک کی کہانی شیئر کی اور کہا کہ ان کا خواب ہمیشہ ہندوستان کے لیے کھیلنا تھا، جو حقیقت بن گیا۔ انہوں نے اپنے خاندان، بچپن کے کوچ تارک سنہا اور مدن شرما کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں کرکٹ سیکھنے میں مدد دی۔


دھون نے کہا کہ ٹیم انڈیا میں کھیلنے پر انہیں مداحوں کا بے پناہ پیار ملا لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ نئے صفحات کا آغاز ہو۔ انہوں نے اپنے دل کے سکون کا ذکر کیا کہ انہوں نے بھرپور طریقے سے ملک کے لیے کھیلنے کا خواب پورا کیا۔ شکھر دھون نے بی سی سی آئی، ڈی ڈی سی اے اور اپنے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی زندگی کا سب سے بڑا فخر یہی ہے کہ انہوں نے اپنے ملک کے لیے کرکٹ کھیلا۔

دھون آئی پی ایل 2024 میں پنجاب کنگز کے لیے کھیلتے ہوئے نظر آئے تھے لیکن انجری کی وجہ سے کئی میچ نہیں کھیل سکے۔ تاہم شیکھر کو آئی پی ایل 2025 میں کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کیونکہ انہوں نے آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں اپنی ویڈیو میں کچھ نہیں کہا۔


ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے دھون نے لکھا، ’’میں اپنے کرکٹ سفر کے اس باب کو ختم کر رہا ہوں۔ میں اپنے ساتھ لاتعداد یادیں اور ممنونیت لے کر جا رہا ہوں۔ محبت اور حمایت کے لیے شکریہ! جئے ہند۔‘‘

خیال رہے کہ شیکھر دھون نے 34 ٹیسٹ اور 167 ون ڈے میچ کھیلے ہیں۔ انہوں نے ون ڈے میچوں میں 6793 رنز بنائے ہیں جبکہ ٹیسٹ میچوں میں انہوں نے 58 اننگز میں 2315 رنز بنائے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔