کیا پاکستانی کرکٹ پھر انتشار کا شکار، ٹیسٹ میچ کے دوران بابر اعظم کے حق میں نعرے لگے

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کو تین دن مکمل ہو گئے ہیں۔ پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود ہیں تاہم ا سٹیڈیم میں موجود شائقین نے بابر اعظم کی حمایت میں نعرے لگائے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم اس وقت پاکستان کے دورے پر ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیل رہی ہے۔ ادھر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں ایک دلچسپ واقعہ دیکھنے کو ملا۔ جس وقت دونوں ٹیمیں میدان میں اپنی جیت کے لیے جدوجہد کر رہی تھیں وہیں اسٹینڈز میں موجود پاکستانی شائقین بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹیم کا کپتان بنانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

پہلے میچ کے تیسرے روز تماشائیوں نے بابر اعظم کی حمایت میں زوردار نعرے لگائے۔ پورا اسٹیڈیم فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا، ’’ہمارا کپتان کیسا ہو، بابر اعظم جیسا ہو ‘‘۔ ان نعروں سے صاف ظاہر ہو رہا تھا کہ شائقین چاہتے ہیں کہ بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی کمان سونپی جائے۔


واضح رہے کہ ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے بعد بابر اعظم نے کھیل کے تمام فارمیٹس کی کپتانی چھوڑ دی تھی اور ان کی جگہ شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا۔ تاہم بابر اعظم کو جلد ہی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا تاہم شان مسعود ہی ٹیسٹ کپتان رہے۔

میچ کے حوالے سے بات کی جائے تو بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستانی بلے بازوں کو ابتدائی جھٹکے دیے۔ ان جھٹکوں میں بابر اعظم بھی شامل تھے اور وہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ تاہم محمد رضوان اور سعود شکیل نے شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ دونوں نے سنچریاں اسکور کیں۔


بنگلہ دیش کی ٹیم کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن ان کے اوپنر شادمان اسلام نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 93 رنز بنائے، حالانکہ وہ اپنی سنچری سے محروم رہے۔ مڈل آرڈر بلے باز مومن الحق نے بھی 50 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔ لٹن داس اور رحیم نے بھی نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ پاکستان نے پہلی اننگز 448 رنز پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ جواب میں بنگلہ دیش نے اب تک 5 وکٹوں پر 316 رنز بنائے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔