چمپئنز ٹرافی پر قبضہ جمانے کے ایک دن بعد ہی روہت شرما کو ملی بری خبر، کپتانی تو چھوڑیے ٹیم سے بھی ہوئی چھٹی!
آئی سی سی نے چمپئنز ٹرافی کی ’بیسٹ ٹیم‘ کا انتخاب کیا ہے جس میں ہندوستانی کپتان روہت شرما کو جگہ نہیں دی گئی ہے، حالانکہ منتخب 12 رکنی اسکواڈ میں ہندوستان کے 6 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

روہت شرما اور ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر، تصویر@GautamGambhir
ہندوستانی ٹیم نے 12 سال بعد ایک بار پھر چمپئنز ٹرافی پر قبضہ کر لیا ہے۔ روہت شرما کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم نے 9 مارچ کو کھیلے گئے سیمی فائنل مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹ سے شکست دی۔ فائنل مقابلے میں کپتان روہت شرما نے 76 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی اور اس کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس تاریخی کامیابی کے محض ایک دن بعد روہت شرما کو بری خبر ملی ہے۔ آئی سی سی نے انھیں ایک خاص ٹیم کپتانی دینا تو چھوڑیے، اس ٹیم میں رکھنے کا بھی اہل نہیں سمجھا۔
دراصل آئی سی سی نے ’چمپئنز ٹرافی 2025‘ کے بہترین ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔ اسی ٹیم سے روہت شرما کی چھٹی کر دی گئی ہے۔ جب عالمی کپ 2023 میں کھیلا گیا تھا، تو اس کے بعد عالمی کپ کی بہترین ٹیم بھی آئی سی سی نے بنائی تھی، جس میں ٹیم کی کمان روہت شرما کو ملی تھی۔ اس مرتبہ ایسا نہیں ہوا ہے۔ حالانکہ آئی سی سی نے 12 رکنی جو اسکواڈ منتخب کیا ہے، اس میں 6 ہندوستانی کھلاڑی شامل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ٹیم میں بنگلہ دیش کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا، پاکستان اور انگلینڈ کا ایک بھی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔
دراصل روہت شرما کو اس وجہ سے ٹیم میں جگہ نہیں ملی کیونکہ فائنل سے قبل انھوں نے ٹورنامنٹ میں کوئی اچھی اننگ نہیں کھیلی تھی۔ پورے ٹورنامنٹ میں روہت نے 5 اننگز میں 180 رن ہی بنائے۔ ایسے میں بطور سلامی بلے باز ان کی جگہ ٹیم میں نہیں بن پائی۔ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے رچن رویندر اور افغانستان کے سلامی بلے باز ابراہیم زادران کو آئی سی سی کے ’بیسٹ الیون‘ کا سلامی بلے باز منتخب کیا گیا ہے۔
آئی سی سی نے اس ٹیم کی کپتانی نیوزی لینڈ کے جواں سال کپتان مچیل سینٹر کے سپرد کی ہے۔ سینٹنر نے نہ صرف اپنی ٹیم کی بہترین قیادت کی، بلکہ ٹورنامنٹ میں 9 وکٹ بھی لیے۔ باقی کھلاڑیوں کی بات کریں تو اس میں ہندوستانی کھلاڑی وراٹ کوہلی، شریئس ایئر، کے ایل راہل، ورون چکرورتی اور محمد سمیع بھی شامل ہیں۔ اکشر پٹیل کو بطور بارہواں کھلاڑی منتخب کیا گیا ہے۔ آئی سی سی کی ’بیسٹ ٹیم‘ میں شامل سبھی کھلاڑی کے نام سلسلہ وار انداز میں اس طرح ہیں:
رچن رویندر (نیوزی لینڈ)، ابراہیم زادران (افغانستان)، وراٹ کوہلی (ہندوستان)، شریئس ایر (ہندوستان)، کے ایل راہل (ہندوستان)، گلین فلپس (نیوزی لینڈ)، عظمت اللہ عمرزئی (افغانستان)، مچیل سینٹنر-کپتان (نیوزی لینڈ)، محمد سمیع (ہندوستان)، میٹ ہنری (نیوزی لینڈ)، ورون چکرورتی (ہندوستان)۔ بارہواں کھلاڑی اکشر پٹیل (ہندوستان)۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔