چمپئنز ٹرافی 2025: انعامی تقریب میں پی سی بی افسر کی غیر موجودگی پر تنازعہ، آئی سی سی نے لگائی پھٹکار
پاکستان آئی سی سی چمپئنز ٹرافی 2025 کا میزبان تھا لیکن پرزنٹیشن تقریب کے دوران پی سی بی کا کوئی بھی افسر وہاں موجود نہیں تھا۔ شعیب اختر نے بھی اس معاملے میں حیرانی کا اظہار کیا ہے۔

تصویر 'ایکس'@BCCI
ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر آئی سی سی چمپئنز ٹرافی 2025 کا خطاب جیت لیا ہے۔ ہندوستان کی اس جیت پر پورے ملک اور کرکٹ شائقین میں زبردست جشن کا ماحول ہے۔ جگہ جگہ آتش بازیاں ہو رہی ہیں اور مٹھائیاں تقسیم کی جا رہی ہیں۔ اس درمیان چمپؑنز ٹرافی فائنل کے بعد ہوئی انعامی تقریب پر تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ دراصل اسٹیج پر اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کوئی بھی افسر موجود نہیں تھا۔ جبکہ پاکستان کی میزبانی میں ہی آئی سی سی چمپئنز ٹرافی 2025 کا انعقاد ہوا تھا۔
تنازعہ کے بعد اس معاملے پر بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے رد عمل سامنے آیا ہے۔ ائی سی سی نے پی سی بی کی اس حرکت کے لیے اسے خوب کھری کھوٹی سنائی ہے۔
آئی سی سی کے ترجمان نے کہا، "پی سی بی چیف محسن نقوی عدم موجود تھے اور انہوں نے دبئی کا سفر نہیں کیا۔ میرے مطابق بورڈ کے افسروں کو ہی پرزنٹیشن تقریب کے لیے بلایا جا سکتا تھا۔ پی سی بی سے کوئی بھی افسر اس کے لیے موجود نہیں تھا۔ وہ (پی سی بی) میزبان تھے، انہیں وہاں ہونا چاہیے تھا۔"
سابق پاکستانی تیز گیندباز شعیب اختر نے اس معاملے پر اپنے 'ایکس' اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو ڈال کر کہا، "ہندوستانی ٹیم نے چمپئنز ٹرافی جیتی، لیکن پی سی بی کا کوئی بھی نمائندہ وہاں موجود نہیں تھا۔ پاکستان میزبان تھا، میری سمجھ مہیں نہیں آیا کہ پی سی بی سے کوئی وہاں کیوں نہیں موجود تھا۔"
پاکستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی دبئی نہیں جا سکے کیونکہ بطور وزیر داخلہ ان کی کچھ مصروفیات تھیں۔ آئی سی سی چیئرمین جئے شاہ، بی سی سی آئی صدر روجر بنّی اور سکریٹری دیوجیت سیکیا نے تمغے، ٹرافی اور کھلاڑیوں کو جیکٹ دیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔