اب ہم دنیا میں کہیں بھی جیت سکتے ہیں: محمد شامی

محمد شامی آسٹریلیا دورے میں ٹیم کا حصہ تھے لیکن ایڈیلیڈ میں پہلے ٹسٹ میں بلے بازی کرتے ہوئے ان کے بازو پر پیٹ کمنس کی باؤنسر سے چوٹ لگ گئی تھی جس کے بعد انہیں سیریز سے باہر ہوکر وطن لوٹنا پڑا تھا۔

محمد شامی، تصویر آئی اے این ایس
محمد شامی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہندوستان کے تیزگیند باز محمد شامی نے آسٹریلیا کے خلاف 1-2 کی سیریز جیت کر ایک بڑی کامیابی بتاتے ہوئے کہا کہ ٹیم انڈیا اب دنیا میں کہیں بھی سیریز جیت سکتی ہے۔ شامی آسٹریلیا دورے میں ٹیم کا حصہ تھے لیکن ایڈیلیڈ میں پہلے ٹسٹ میں بلے بازی کرتے ہوئے ان کے بازو پر پیٹ کمنس کی باونسر سے چوٹ لگ گئی تھی جس کے بعد انہیں سیریز سے باہر ہوکر وطن لوٹنا پڑا تھا۔ شامی اپنی چوٹ سے ابھی تک پوری طرح نجات حاصل نہیں کرسکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں انگلینڈ کے خلاف گھریلو سیریز کے پہلے دو ٹسٹ کے لئے اعلان کردہ ٹسٹ ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

تیزگیند بازنے کہا، "اس سیریز میں جیت ایک بڑی کامیابی ہے۔ ہمارے بہت سے کھلاڑی زخمی ہوگئے تھے اور ریزرو کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنا پڑا تھا۔ لیکن ان کھلاڑیوں نے اپنی بہترین صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو ثابت کیا۔ ہم نے ایک بار پھر 2018–19 کی سیریز جیت کو دہرایا اور بڑی کامیابی حاصل کی۔ محمد شامی نےمزید کہا، "ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی دوسری اننگز کو چھوڑ کر ہندوستان نے پوری سیریز میں بلے اور گیند دونوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔" انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کارکردگی سے ملک کو فخر ہوتا ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کا اعتماد بھی بڑھتا ہے۔


انہوں نے اس جیت کا سہرہ ٹیم کے سر باندھتے ہوئے کہا، "جب میں زخمی ہوا تو میری آنکھوں میں آنسو تھے کہ مجھے سیریز کو درمیان میں ہی چھوڑنا پڑا۔" انہوں نے ہندوستانی ٹیم کی بنچ طاقت کی تعریف کرتے ہوئے کہا، "ان کھلاڑیوں نے یہ ثابت کردیا ہے کہ ان میں زبردست صلاحیت ہے، اسے دیکھ کر میں پورے اعتماد سے کہہ سکتا ہوں کہ ہم کہیں بھی جاکر کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتے ہیں۔" ٹیم میں واپسی کے سلسلے میں تیزگیند باز نے کہا کہ وہ صحت یاب ہو رہے ہیں اور جلد ہی گیند بازی کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔