ہندوستان سے شکست کا آسٹریلیا کو نہیں ہو رہا یقین، رکی پونٹنگ بھی حیران

رکی پونٹنگ نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم کے بہت سے کھلاڑی زخمی ہوئے، لیکن آسٹریلیا کے پاس تمام بہترین کھلاڑی تھے اور بعد میں ڈیوڈ وارنر بھی ٹیم میں شامل ہوگئے۔ لہٰذا اس شکست کو ہضم کرنا مشکل ہے۔

رکی پونٹنگ، تصویر آئی اے این ایس
رکی پونٹنگ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ملبورن: آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے ہندوستان کے خلاف ملی شکست کے بعد کہا کہ ٹیم کی ایسی شکست حیران کرنے والی ہے کیونکہ آسٹریلیا کے پاس ٹیموں میں سبھی تجربہ کار کھلاڑی موجود تھے اور وہ سیریز میں پورے دم کے ساتھ اتری تھی جبکہ ٹیم انڈیا کو کئی چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز دو۔ایک سے جیت لی۔ ہندوستان نے آسٹریلیا کو اسی کے گھر میں شکست دے کر بارڈر- گاوسکر ٹرافی پر اپنا قبضہ برقرار رکھا۔ ٹیم انڈیا اس سیریز میں اپنے باقاعدہ کپتان وراٹ کوہلی کے بغیراتری تھی، جو اپنے پہلے بچے کی پیدائش کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ کے بعد وطن لوٹ گئے تھے۔

ٹیم انڈیا 20 ممبروں کے ساتھ آسٹریلیا کے دورے پر گئی تھی، لیکن اس کے متعدد کھلاڑی انجری کے سبب سیریز سے باہر ہوگئے تھے۔ اس کے علاوہ تیسرے اور چوتھے ٹیسٹ میں محمد سراج پر نسلی تبصرے کیے گئے لیکن ہندوستانی ٹیم نے اپنی شاندار کارکردگی سے آسٹریلیا کو جواب دیا۔


رکی پونٹنگ نے کہا کہ میں کافی حیران ہوں کہ آسٹریلیا اس سیریز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی۔ ہندوستانی ٹیم گزشتہ پانچ چھ ہفتوں میں بہت سارے چیلینجوں سے گزری ہے۔ اس کے باقاعدہ کپتان وراٹ پہلے ٹیسٹ کے بعد وطن لوٹ گئے تھے۔ اس کے بعد ٹیم کے بہت سے کھلاڑی زخمی ہوگئے۔ لیکن آسٹریلیا کے پاس تمام بہترین کھلاڑی تھے اور بعد میں ڈیوڈ وارنر بھی ٹیم میں شامل ہوگئے، لہذا اس شکست کو ہضم کرنا مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ “ہندوستان نے بہت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے سخت محنت کی اور ہر روز میچ میں اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے شاندار جیت حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے مابین یہ فرق ہے۔ ہندوستان نے ٹیسٹ میچ کے تمام بڑے لمحات کو جیتا لیکن آسٹریلیا کی ٹیم ایسا کرنے میں ناکام رہی۔


پونٹنگ نے کہا ’’ واشنگٹن سندر کی کارکردگی سے ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ وہ 50 ٹسٹ میچ کھیل چکے ہیں جبکہ شاردل ٹھاکر بھی ایسے ہی نظر آرہے تھے۔ انہوں نے اپنے دوسرے میچ میں سات وکٹ حاصل کیے اور پہلی اننگز میں 60 رن بنائے۔ آئی پی ایل میں طویل عرصہ سے ان کھلاڑیوں کو دیکھ رہا ہوں اور مجھے پتہ ہے کہ ہندوستان میں کافی باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں۔ لیکن آسٹریلیا کے خلاف سیریز کھیلنا الگ کہانی ہے۔ حالانکہ ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انڈیا سیریز جیت کی حقدار ہے۔

سابق کھلاڑی رکی پونٹنگ نے مزید کہا کہ ’’ گزشتہ سیریز میں وارنر اور اسٹیون اسمتھ ٹیم میں موجود نہیں تھے لیکن اس بار آسٹریلیا کے پاس تمام تجربہ کار اور بہترین کھلاڑی موجود تھے لیکن ٹیم انڈیا کے کئی کھلاڑی زخمی تھے اس کے باوجود ٹیم نے جیت حاصل کی۔ یہ آسٹریلیا کے لئے حیرت انگیز اور پریشان کن ہے۔


آسٹریلیا کو اب 14 فروری سے جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے اور پونٹنگ کا خیال ہے کہ ان کی ٹیم کو ہندوستان کے خلاف شکست کے بعد گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اپنے کھیل پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔ پونٹنگ نے کہا کہ "آسٹریلیائی دنیا کی سرفہرست ٹیم ہے اور ٹیم نے حال ہی میں کافی اچھی کارکردگی کی ہے۔ ٹیم کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے لیکن اسے بہتر کرکٹ کھیلنے کے لئے راستہ تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ کوچ جسٹن لینگر ٹیم کے مضبوط ستون ہیں۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */