آئی پی ایل نیلامی: سمیر رضوی کا دھمال، چنئی نے لگائی 8.40 کروڑ روپے کی بولی

سمیر رضوی کا بیس پرائس 20 لاکھ روپے تھے، لیکن چنئی سپر کنگز نے انھیں 8.40 کروڑ روپے میں خرید کر مالا مال کر دیا۔

<div class="paragraphs"><p>سمیر رضوی، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

سمیر رضوی، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

آئی پی ایل 2024 کی نیلامی میں اتر پردیش کے نوجوان کھلاڑی سمیر رضوی کا زبردست جلوہ دیکھنے کو ملا ہے۔ 20 سال کے اس کرکٹر کا بیس پرائس 20 لاکھ روپے تھا، لیکن انھیں آئی پی ایل کی سب سے کامیاب ٹیم چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) نے 42 گنا زیادہ قیمت پر خریدا۔ چنئی نے سمیر کو 8.40 کروڑ روپے میں اپنے نام کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سمیر رضوی دائیں ہاتھ کے طوفانی بلے باز ہیں۔ انھوں نے گھریلو ٹورنامنٹس میں خوب رن بنائے ہیں۔ سمیر کی سب سے بڑی خاصیت چھکا لگانے کی ان کی صلاحیت ہے۔ سمیر بنیادی طور پر اتر پردیش کے میرٹھ سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کی پیدائش 2003 میں ہوئی تھی۔ 20 سال کے سمیر رضوی نے اتر پردیش ٹی-20 لیگ میں کانپور سپراسٹارس کے لیے سب سے زیادہ چھکے لگائے تھے۔ انھوں نے 9 اننگز میں 2 طوفانی سنچری کی مدد سے 455 رن بھی بنائے تھے۔ اس کے بعد انھیں تین فرنچائزی نے ٹرائل کے لیے مدعو کیا تھا۔ ان میں سے ایک پنجاب کنگز کی ٹیم بھی تھی۔ یوپی کے کوچ سنیل جوشی پنجاب کنگز کا حصہ ہیں۔ حالانکہ یوپی کی انڈر-23 ٹیم کے ساتھ معاہدوں کے سبب رضوی کو ٹرائل سے دور رہنا پڑا تھا۔ انھوں نے انڈر-23 ٹیم کے لیے راجستھان کے خلاف وَنڈے میچ میں 65 گیندوں میں 91 رن بنا کر اپنی صلاحیت کی جھلک دکھا دی۔ رضوی نے اس کے بعد فائنل میں 50 گیندوں میں 84 رن کی اننگ کھیل کر ٹیم کو چمپئن بنا دیا تھا۔


سمیر رضوی کو یوپی ٹیم میں دائیں ہاتھ کا سریش رینا کہا جاتا ہے۔ دراصل ان کے کھیلنے کا انداز سریش رینا سے کافی ملتا جلتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سریش رینا بھی چنئی ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔ رینا کی طرح سمیر دائیں ہاتھ سے آف اسپن گیندبازی بھی کر سکتے ہیں۔ یعنی سمیر رضوی کی شکل میں چنئی کو ایک اچھا آل راؤنڈر کھلاڑی مل گیا ہے۔ اگر سمیر رضوی نے 2024 آئی پی ایل میں خود کو ثابت کیا تو پھر ان کے لیے ہندوستانی ٹیم کے دروازے بھی کھل سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔