آئی پی ایل نیلامی ختم، 72 کھلاڑیوں کی ہوئی خریداری، کئی انجان چہرے بنے کروڑپتی

مشیل اسٹارک کو کے کے آر نے 24.75 کروڑ روپے میں خریدا جو آئی پی ایل تاریخ میں سب سے بڑی بولی ہے، اس سے قبل پیٹ کمنس کو سنرائزرس حیدر آباد نے 20.5 کروڑ روپے میں خریدا تھا جو دوسری سب سے بڑی بولی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>مشیل اسٹارک اور پیٹ کمنس، تصویر @ICC</p></div>

مشیل اسٹارک اور پیٹ کمنس، تصویر @ICC

user

قومی آوازبیورو

آئی پی ایل 2024 کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی ختم ہو گئی ہے۔ مجموعی طور پر 72 کھلاڑیوں کی خریداری ہوئی اور کئی ایسے انجان چہرے کروڑپتی بنے ہیں جو آئی پی ایل 2024 میں یقینی طور پر اپنا ڈیبیو کرتے ہوئے دکھائی دیں گے۔ آج ہوئی نیلامی میں کھلاڑیوں پر پیسوں کی زبردست بارش ہوئی۔ نیلامی کے شروعاتی مراحل میں آسٹریلیا کو عالمی کپ فاتح بنانے والے کپتان پیٹ کمنس نے تو آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے مہنگا کھلاڑی ہونے کا شرف حاصل کر لیا تھا، لیکن ان کے ہی ساتھی کھلاڑی مشیل اسٹارک نے کچھ ہی دیر بعد سب سے مہنگے کھلاڑی کا تاج چھین لیا۔ مشیل اسٹارک کو کے کے آر (کولکاتا نائٹ رائیڈرس) نے 24.75 کروڑ روپے میں خریدا۔ پیٹ کمنس کو سنرائزرس حیدر آباد نے 20.5 کروڑ روپے میں خریدا ہے۔ آج جب کھلاڑیوں کی نیلامی شروع ہوئی تو آئی پی ایل کی تاریخ میں سیم کرن سب سے مہنگے کھلاڑی تھے جنھیں پنجاب کنگز نے 2023 میں 18.50 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ 2023 میں ہی کیمرون گرین کو 17.50 کروڑ روپے میں ممبئی انڈینز نے خریدا تھا۔

بہرحال، آج ہوئی نیلامی میں کئی کھلاڑیوں پر فرنچائزی مہربان نظر آئے اور خوب رقم ادا کر انھیں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ مثلاً سمیر رضوی (8.40 کروڑ روپے)، کمار کشاگر (7.20 کروڑ روپے) اور اسپنسن جانسن (10 کروڑ روپے) جیسے انجان کھلاڑی بھی مالا مال ہو گئے۔ آئیے نظر ڈالتے ہیں نیلامی میں خریدے گئے کچھ اہم کھلاڑیوں پر۔


  • آسٹریلیا کے تیز گیندباز مشیل اسٹارک آئی پی ایل تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے انھیں 24.75 کروڑ روپے میں خریدا ہے۔ ان کا بیس پرائس 2 کروڑ روپے تھا اور گجرات ٹائٹنس نے بھی اسٹارک کو حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی، لیکن کولکاتا نے بازی مار لی۔

  • پیٹ کمنس کو سنرائزرس حیدر آباد نے 20.50 کروڑ روپے میں خریدا۔ ان کا بیس پرائس 2 کروڑ روپے تھے۔ ان کے لیے سنرائزرس حیدر آباد اور رائل چیلنجرس بنگلور کے درمیان جم کر بولی لگی اور آخر میں حیدر آباد نے بازی مار لی۔

  • ایک کروڑ روپے بیس پرائس والے ڈیرل مشیل پر چنئی سپرکنگز مہربان نظر آئی۔ پہلے تو دہلی کپٹلز اور پنجاب کنگز کے درمیان ڈیرل مشیل کو حاصل کرنے کی جنگ شروع ہوئی، لیکن آخر میں چنئی نے 14 کروڑ روپے کی بولی لگا کر انھیں خرید لیا۔

  • ہندوستانی تیز گیندباز ہرشل پٹیل کا بیس پرائس 2 کروڑ روپے تھا اور ان پر بھی پیسوں کی بارش ہوئی ہے۔ گجرات اور پنجاب کے درمیان انھیں خریدنے کی ہوڑ لگی ہوئی تھی اور آخر میں پنجاب کنگز نے انھیں 11.75 کروڑ روپے میں اپنے نام کر لیا۔

  • ویسٹ انڈیز کے تیز گیندباز الزاری جوسف کو بھی ایک ملین سے زیادہ رقم حاصل ہوئی ہے۔ ان کا بیس پرائس 1 کروڑ روپے تھا اور رائل چیلنجرس بنگلور نے انھیں 11.5 کروڑ روپے میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا۔

  • آسٹریلیائی تیز گیندباز اسپنسر جانسن کو خریدنے کے لیے بھی ٹیموں کے درمیان خوب بولی لگائی گئی۔ آخر میں گجرات ٹائٹنس نے انھیں 10 کروڑ روپے میں اپنے نام کیا۔

  • ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی روومین پاویل کا بیس پرائس 1 کروڑ روپے تھا اور انھیں راجستھان نے 7.40 کروڑ روپے کی خطیر رقم دے کر خریدا۔

  • عالمی کپ سیمی فائنل اور فائنل میں آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار نبھانے والے ٹریوس ہیڈ کو بھی نیلامی میں بڑی رقم حاصل ہوئی ہے۔ ان کا بیس پرائس 2 کروڑ روپے تھا، لیکن سنرائزرس حیدر آباد نے انھیں 6.80 کروڑ روپے میں خریدا ہے۔ یعنی کمنس اور ٹریوس ہیڈ دونوں ہی حیدر آباد کی طرف سے کھیلتے ہوئے دکھائی دیں گے۔

  • 50 لاکھ بیس پرائس والے ہندوستانی تیز گیندباز شیوم ماوی کی نیلامی 6.4 کروڑ روپے میں ہوئی ہے۔ انھیں ایل ایس جی (لکھنؤ سپرجائنٹس) نے خریدا ہے۔

  • ہندوستانی تیز گیندباز امیش یادو کو گجرات جائنٹس نے 5.8 کروڑ روپے میں خریدا۔ ان کا بیس پرائس 2 کروڑ روپے تھا۔

  • جنوبی افریقہ کے تیز گیندباز گیرالڈ کوئتزی کو ممبئی انڈینز نے 5 کروڑ روپے میں خریدا ہے۔ ان کا بیس پرائس 2 کروڑ روپے تھا۔

  • چنئی سپرکنگز نے آل راؤنڈر شاردل ٹھاکر کو 4 کروڑ روپے میں خریدا۔ وہ پہلے بھی چنئی سپرکنگز ٹیم کے لیے کھیل چکے ہیں۔ ان کا بیس پرائس 2 کروڑ روپے تھا۔

  • انگلینڈ کے نوجوان بلے باز ہیری بروک پر دہلی کیپٹلز کا قبضہ ہو گیا ہے۔ 2 کروڑ روپے کے بیس پرائس والے اس کھلاڑی کو 4 کروڑ روپے میں خریدا گیا ہے۔

  • نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر رچن رویندر پر بڑی بولی لگنے کی امید تھی، لیکن چنئی سپرکنگز نے انھیں 1.80 کروڑ روپے میں اپنے نام کر لیا۔ ان کا بیس پرائس 50 لاکھ روپے طے کیا گیا تھا۔

  • سری لنکا کے اسپن گیندباز وانندو ہسرنگا کا بیس پرائس 1.50 کروڑ روپے تھا اور انھیں اسی قیمت پر سنرائزرس حیدر آباد نے خرید لیا ہے۔

  • افغانستان کے کھلاڑی عظمت اللہ عمرزئی کو ان کے بیس پرائس 50 لاکھ روپے میں گجرات ٹائٹنس نے خریدا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔