’مشن ورلڈ کپ‘ کے لیے ہندوستانی تیز گیندباز بمراہ پوری طرح تیار، بلے باز شریئس ایر کی سرجری آئندہ ہفتہ!

بی سی سی آئی نے بمراہ کے حوالے سے کہا ہے کہ ’’بمراہ نے اپنی پیٹھ کے نچلے حصے میں نیوزی لینڈ میں سرجری کروائی ہے جو کامیاب رہی، انھیں اب درد کی شکایت نہیں ہے۔‘‘

جسپریت بمراہ، تصویر آئی اے این ایس
جسپریت بمراہ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

رواں سال 50 اوورس کا عالمی کپ کھیلا جانا ہے جس کو لے کر سبھی ٹیمیں تیاریاں کر رہی ہیں۔ ہندوستانی ٹیم نے فی الحال ’مشن ورلڈ کپ‘ کی تیاری شروع نہیں کی ہے کیونکہ آئی پی ایل جاری ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ختم ہوتے ہی ہندوستان 50 اوورس کے حساب سے اپنی ٹیم تیار کرنے کی کوشش کرے گا اور پریکٹس سیشن بھی شروع ہو جائے گا۔ اس درمیان بی سی سی آئی نے ہندوستان کے اہم تیز گیندباز جسپریت بمراہ اور بلے باز شریئس ایر کی فٹنس اپڈیٹ جاری کیا ہے۔ ہفتہ کے روز بی سی سی آئی نے جانکاری دی ہے کہ بمراہ نے واپسی کے لیے تیاری شروع کر دی ہے، جبکہ ایر آئندہ ہفتہ سرجری کروائیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ بمراہ پیٹھ کے نچلے حصے کی کامیاب سرجری کے بعد این سی اے (نیشنل کرکٹ اکادمی) میں اپنا ریہبلٹیشن شروع کر دیا ہے۔ ٹی-20 عالمی کپ میں نہیں کھیلنے والے بمراہ کو اس سال جنوری میں سری لنکا کے خلاف گھریلو وَنڈے سیریز کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ تب سے وہ ٹیم سے باہر چل رہے ہیں۔ وہ آئی پی ایل 2023 کے لیے ممبئی انڈینز کی ٹیم کا بھی حصہ نہیں ہیں۔ بورڈ نے بلے باز شریئس ایر سے متعلق بتایا کہ 28 سالہ یہ کھلاڑی آئندہ ہفتہ اپنی پیٹھ کے نچلے حصے کی سرجری کروائے گا۔ وہ این سی اے میں اس کے دو ہفتہ بعد ہی ریہبلٹیشن شروع کر دیں گے۔


بی سی سی آئی نے بمراہ کے حوالے سے کہا ہے کہ ’’بمراہ نے اپنی پیٹھ کے نچلے حصے میں نیوزی لینڈ میں سرجری کروائی ہے جو کامیاب رہی۔ انھیں اب درد کی شکایت نہیں ہے۔ ماہرین نے تیز گیندباز کو سرجری کے چھ ہفتہ بعد اپنا ریہبلٹیشن شروع کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ بمراہ نے اپنا ریہبلٹیشن جمعہ کو این سی اے میں شروع کر دیا ہے۔‘‘ جہاں تک ایر کا سوال ہے، ان کی پیٹھ کے نچلے حصے کی چوٹ نے انھیں نیوزی لینڈ کے خلاف محدود اوور کی سیریز اور آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلنے سے روک دیا تھا۔ وہ دہلی میں دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں لوٹے۔ صرف اسی چوٹ کے سبب چوتھے اور آخری میچ کے درمیان سے ہٹ گئے تھے۔ ایر عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف بھی نہیں کھیل سکیں گے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ بمراہ عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل کے لیے فٹ ہو پاتے ہیں یا نہیں۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان یہ مقابلہ 7 جون سے انگلینڈ کے اوول میں کھیلا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔