دوسرا ٹیسٹ: ہندوستان نے سری لنکا کو 238 رنوں سے دی شکست، سیریز پر 0-2 سے قابض

ہندوستان نے پیر کے روز بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن سری لنکا کو 238 رنوں سے شکست دے دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کا فیصلہ تیسرے ہی دن ہو گیا اور ہندوستان نے ایک بار پھر آسان فتح حاصل کر لی۔ پیر کے روز ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں تیسرے دن ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف 238 رنوں کی جیت درج کی۔ بلے بازی کے دوران سری لنکا کے کپتان دمتھ کرونارتنے نے اپنی سنچری مکمل کرتے ہوئے 107 رن بنائے، لیکن ان کے علاوہ کوئی دوسرا بلے باز کچھ خاص مظاہرہ نہیں کر سکا۔ ہندوستان کی طرف سے گیندبازی میں آر اشون نے 19.3 اوور میں 55 رن دے کر چار وکٹ لیے۔ دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن سری لنکا نے جب بلے بازی شروع کی تو اس کا ایک وکٹ پہلے سے ہی گرا ہوا تھا۔ ہندوستان نے پیر کے روز باقی 9 وکٹ بہ آسانی حاصل کر لیے۔ چائے کے بریک تک سری لنکا نے 39 اووروں میں چار وکٹ کے نقصان پر 151 رن بنائے تھے، لیکن اس بریک کے بعد وکٹ گرنے کا جو سلسلہ شروع ہوا تو 208 رن پر پوری ٹیم سمٹ گئی۔

تیسرے دن کے شروع میں کرونارتنے اور مینڈس نے اچھی بلے بازی کی تھی۔ اس دوران کرونارتنے خوش قسمت رہے کیونکہ وہ اشون کی گیند پر آؤٹ ہونے سے بچ گئے۔ مینڈس نے 57 گیندوں پر اپنی 12ویں نصف سنچری مکمل کی۔ سیریز میں سری لنکا کی سب سے بہترین 97 رن کی شراکت داری کو اشون نے توڑی اور بلے باز مینڈس کو پنت کے ہاتھوں کیچ کرایا۔


مینڈس کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی بلے باز ٹیم کو میچ جتانے کے لیے بڑی اننگ نہیں کھیل سکا اور نروشن ڈکویلا (وکٹ کیپر) کو چھوڑ کر سبھی بلے باز 10 رن کے اندر آؤٹ ہو گئے۔ نروشن ڈکویلا نے 12 رن بنائے اور گیندباز اکشر پٹیل کے اوور میں کیچ تھما بیٹھے۔ آر اشون نے اپنی گیندبازی سے سری لنکائی بلے بازوں کو کافی پریشان کیا۔ انھوں نے بلے بازوں پر دباؤ بنائے رکھا اور آخر تک وکٹ حاصل کرتے رہے۔ انھوں نے دوسری اننگ میں 4 وکٹ اپنے نام کیے۔ اس کے بعد جسپریت بمراہ سب سے کامیاب ہندوستانی گیندباز رہے جنھوں نے پہلی اننگ میں سری لنکا کے 5 وکٹ لیے تھے اور دوسری اننگ میں 3 وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ اکشر پٹیل کو 2 وکٹ اور رویندر جڈیجہ کو 1 وکٹ حاصل ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔