بھگونت مان کی حلف برداری تقریب کے لیے 40 ایکڑ میں لگی گیہوں کی فصل برباد

پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے وزیر اعلیٰ عہدہ کے دعویدار بھگونت مان کی حلف برداری تقریب کے لیے شہید اعظم بھگت سنگھ کے گاؤں کھٹکر کلاں میں 40 ایکڑ میں لگی گیہوں کی فصل ہٹائی جا رہی ہے۔

بھگونت مان اور اروند کیجریوال
بھگونت مان اور اروند کیجریوال
user

قومی آوازبیورو

پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے وزیر اعلیٰ عہدہ کے دعویدار بھگونت مان کی حلف برداری تقریب کے لیے شہید اعظم بھگت سنگھ کے گاؤں کھٹکر کلاں میں 40 ایکڑ میں لگی گیہوں کی فصل ہٹائی جا رہی ہے۔ دراصل پنجاب اسمبلی انتخاب میں عآپ نے 117 سیٹوں میں سے 92 سیٹوں پر جیت حاصل کی ہے۔ اس جیت کے بعد عآپ کے وزیر اعلیٰ عہدہ کے امیدوار بھگونت مان نے اعلان کیا کہ ان کی حلف برداری 16 مارچ کو شہید اعظم بھگت سنگھ کے گاؤں میں ہوگی۔

بہرحال، کانگریس لیڈر الکا لامبا نے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ عآپ کو بے نقاب کرنے کے لیے پنجاب حکومت کے حکم کی کاپی شیئر کی ہے۔ اس حکم میں ریونیو اور باز آبادکاری محکمہ کو شہید بھگت سنگھ نگر کے ڈپٹی کمشنر کو حلف برداری تقریب کی تیاریوں کے لیے 2.61 کروڑ روپے جاری کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ اس حلف برداری تقریب میں ایک لاکھ لوگوں کے شامل ہونے کا امکان ہے۔


افسران نے خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کو بتایا کہ حلف برداری تقریب میں شامل ہونے والے لوگوں کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے گاؤں کی 40 ایکڑ زمین پر موجود گیہوں کی فصل ہٹائی جا رہی ہے۔ گیہوں کی کٹائی اپریل سے شروع ہوتی ہے، لیکن اس سے پہلے ہی اسے برباد کیا جا رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پنجاب کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اے وینوپرساد نے کو کھٹکر کلاں میں تیاریوں کا جائزہ لینے پہنچے۔ کسانوں کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنی کھڑی فصل ہٹا لیں اور اس کے بدلے انھیں فی ایکڑ تقریباً 46 ہزار روپے کا معاوضہ دیا جائے گا۔

افسران نے ضرورت پڑنے پر مزید فصل ہٹانے کی بات سے انکار نہیں کیا ہے۔ بھگونت مان نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 16 مارچ کو بڑی تعداد میں کھٹکر کلاں پہنچیں۔ انھوں نے لوگوں سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ مرد بسنتی پگڑی اور خواتین بسنتی چادر ڈال کر پہنچیں تاکہ اس دن کھٹکر کلاں بسنتی رنگ میں رنگ جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔