ہندوستان سے شکست کے بعد پاکستان میں زبردست غصہ، کئی سابق کرکٹرس نے بابر-شاہین کو باہر کرنے کا کیا مطالبہ
سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان کی شکست پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے ہاتھ میں ہوتا تو وہ بابر اعظم، شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی کو دوبارہ ٹی-20 ٹیم میں منتخب نہیں کرتے۔

ٹی-20 عالمی کپ میں ہندوستان سے ملی 61 رنوں کی شکست کے بعد پاکستان کرکٹ میں اتھل پتھل والے حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ عوام کے ساتھ ساتھ سابق پاکستانی کرکٹرس میں بھی اس شکست کے بعد غصہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کولمبو میں کھیلے گئے اس مقابلہ میں ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 175 رن بنائے، جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 18 اوورس میں 114 رنوں پر ہی سمٹ گئی۔ اس شکست کے بعد پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم کی خوب تنقید ہو رہی ہے۔ کئی سابق کرکٹرس نے انھیں ٹی-20 ٹیم سے باہر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹیم کی خراب کارکردگی پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے سخت رد عمل ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ اگر ان کے ہاتھ میں ہوتا تو وہ بابر اعطم، شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی کو دوبارہ ٹی-20 ٹیم میں منتخب نہیں کرتا۔ ان کا ماننا ہے کہ اب اس فارمیٹ میں نوجوانوں کو موقع دینے کا وقت آ گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس میچ میں شاہین نے 2 اوورس میں 31 رن دیے، جبکہ بابر اعظم محض 5 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ شاداب خان نے گیندبازی میں ایک اوور میں 17 رن لٹا دیے، اور بلے بازی میں 15 گیندوں پر 14 رن ہی بنا پائے۔
پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر سابق کپتان جاوید میاں داد نے بھی اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بڑے میچوں میں پاکستان دباؤ برداشت کرنے میں ناکام رہا۔ بابر کے حامی تصور کیے جانے والے محمد یوسف بھی یہ ماننے پر مجبور ہوئے کہ اس شکست کے بعد بابر اور شاہین کا ٹی-20 کیریئر ختم ہو جانا چاہیے۔ بابر کے ناقد احمد شہزاد نے بھی ان کی کارکردگی کو بہت خراب ٹھہرایا۔
اس معاملہ میں سابق کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ موجودہ وقت میں ہندوستان کسی بھی فارمیٹ میں پاکستان سے بہتر ٹیم ہے۔ انھوں نے پلیئنگ الیون پر بھی سوال اٹھائے اور پوچھا کہ 6 اسپنروں کے ساتھ اترنے کا کیا مطلب تھا؟ فہیم اشرف سے گیندبازی نہ کرائے جانے پر وہ سخت حیران نظر آئے۔ اس درمیان سابق تیز گیندباز وقار یونس نے کہا کہ پاکستان نے میچ پہلی ہی اننگ میں گنوا دیا تھا۔ ان کے مطابق جب سوریہ کمار یادو کی قیادت میں ہندوستان نے 175 رن بنا لیے، تبھی مقابلہ پاکستان کی گرفت سے باہر ہو گیا تھا۔ انھوں نے ہندوستانی کپتان کے ذریعہ اسپنروں کے بہترین استعمال کی تعریف بھی کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔