’آئی پی ایل-2022‘ میں کتنی ٹیمیں ہوں گی شامل، بی سی سی آئی آج کی میٹنگ میں لے گا فیصلہ!

انڈین پریمیر لیگ کا 2021 سیزن اپریل میں شروع ہونا ہے اور یہ 8 یا 9 ٹیموں کا ہوگا، لیکن اس کا فیصلہ لاجسٹک کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ 2022 میں ہونے والے آئی پی ایل کی ٹیموں کا فیصلہ بھی آج ممکن ہے۔

بی سی سی آئی، تصویر آئی اے این ایس
بی سی سی آئی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

احمد آباد: ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی سالانہ عام میٹنگ (اے جی ایم) جمعرات کے روز ہوگی جس میں آئی پی ایل کو 2022 سے 10 ٹیموں کا ٹورنامنٹ کرانے پر فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ آئی پی ایل کا 2020 ایڈیشن ستمبر سے نومبر تک متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) میں ہوا تھا جس میں 8 ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ آئی پی ایل کا 2021 سیزن اپریل میں شروع ہونا ہے اور یہ 8 ٹیموں یا 9 ٹیموں کا ہوگا، لیکن اس کا فیصلہ لاجسٹک کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

بی سی سی آئی نے دسمبر کے شروع میں ہی اپنی ریاستی ایسوسی ایشنز کو آگاہ کیا تھا کہ اے جی ایم کے ایجنڈے میں ایک اہم مسئلہ آئی پی ایل کی دو نئی ٹیموں کا شامل کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں بی سی سی آئی کے صدر سوربھ گانگولی، سکریٹری جئے شاہ اور خزانچی ارون دھومل اور آئی پی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر ہمنگ امین نجی طور پر بات چیت کرچکے ہیں۔


آئی پی ایل کا 2021 ایڈیشن شروع ہونے میں چار ماہ کا وقت رہ گیا ہے اور اگر دو نئی ٹیموں کو شامل کرنا ہے تو بی سی سی آئی کو کئی ہدف حاصل کرنے ہوں گے جس میں نئی ٹیموں کے ٹینڈر جاری کرنا، شہروں کی تعداد طے کرنا، دس فرنچائزز کے لئے میگا نیلامی انعقاد کرنا اور ہندوستانی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے تال میل کے ساتھ کھلاڑیوں کو ری ٹین کرنے والی تعداد کو طے کرنا شامل ہوگا۔

فی الحال، بی سی سی آئی کے لئے سب سے بڑا چیلنج 2021 کا آئی پی ایل ہوگا، جس کی جگہ کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ اگرچہ اب تک ہندوستان پہلی پسند ہے، لیکن کورونا کے پیش نظر اگر بایو ببل بنانا مشکل ہوتا ہے تو بی سی سی آئی پھر سے آئی ایل کا انعقاد یو اے ای میں کرسکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */