گانگولی نے پنت، پجارا اور اشون کی نکتہ چینی کرنے والوں کی بولتی بند کر دی

گانگولی نے مشکل حالات میں تیسرے میچ کو ڈرا کرانے کے لئے ٹیم انڈیا کو مبارکباد دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ ’’امید ہے اب ہم سبھی کوپجارا، پنت اور اشون کے ٹیم میں ہونے کی اہمیت کا احساس ہوگا‘‘۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: سابق عظیم کپتان اور ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گانگولی نے آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں پیر کے روز تیسرے میچ کے ڈرا ہونے کے بعد تجربہ کار بلے باز چیتیشور پجارا، رشبھ پنت اور روی چندرن اشون کا دفاع کرتے ہوئے ان کی نکتہ چینی کرنے والوں کی سخت سرزنش کی۔

سابق کپتان گانگولی نے مختلف حالات کے باوجود تیسرے میچ کو ڈرا کرانے کے لئے ٹیم انڈیا کو مبارکباد دیتے ہوئے پیر کے روز ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ’’امید ہے کہ اب ہم سبھی کوپجارا، پنت اور اشون کے کرکٹ ٹیموں میں ہونے کی اہمیت کا احساس ہوگا‘‘۔


آسٹریلیا نے ہندوستان کو تیسرا ٹسٹ میچ جیتنے کے لئے بہت مشکل 407 رن کا ہدف دیا تھا جس کے لئے ہندوستان کو پانچویں دن بلے بازی کرنی تھی جو بالکل بھی آسان نہیں تھی۔ پجارا نے اپنی مضبوط اننگز میں جہاں 77 رن بنائے وہیں پنت نے خود کو ثابت کرتے ہوئے شاندار 97 رن بنائے، حالانکہ وہ سنچری سے محروم ہوگئے۔ اس کے علاوہ اشون اور ہنوما وہاری نے 258 گیندوں پر 62 رن کی ناٹ آوٹ شراکت کی جس کی بدولت ہندوستان اس میچ کو ڈرا کرنے میں کامیاب ہوا۔

گانگولی نے تینوں کھلاڑیوں کی نکتہ چینی کرنے والوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں اعلی گیندبازی آرڈر کے سامنے نمبر تین پر بلے بازی کرتے ہوئے رن بنانا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا۔ کوئی بھی کھلاڑی ایسی ہی کرکٹ میں تقریباً 400 وکٹ نہیں لے لیتا ہے۔ ہندوستانی ٹیم شاندار طریقہ سے لڑی اور اب سیریز جیتنے کا وقت ہے۔


واضح رہے کہ پجارا تیز رفتار سے رن نہ بنانے کی وجہ سے نکتہ چینی کرنے والوں کے نشانہ پر تھے جبکہ پنت نے اس مقابلے میں وکٹ کیپنگ کرتے ہوئے دو-تین کیچ ڈراپ کئے تھے جس کی سخت تنقید ہوئی تھی۔ اشون کو بھی ان کی بلے بازی کے لئے نکتہ چینی کرنے والوں کے ذریعہ نشانہ بنایا جارہا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔