ممبئی ٹیسٹ: اعجاز پٹیل نے ایک اننگ میں 10 وکٹ لے کر رقم کی تاریخ، ایسا کرنے والے دنیا کے تیسرے گیندباز

اعجاز پٹیل ایسا کرنے والے نیوزی لینڈ کے پہلے اور دنیا کے تیسرے گیند باز ہیں۔ اعجاز سے پہلے یہ کارنامہ انیل کمبلے اور جیم لیکر انجام دے چکے ہیں۔

اعجاز پٹیل / ٹوئٹر
اعجاز پٹیل / ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: نیوزی لینڈ کے گیندباز اعجاز پٹیل نے کسی ٹیسٹ میچ کی ایک اننگ کے تمام 10 وکٹ حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔ اعجاز پٹیل ایسا کرنے والے نیوزی لینڈ کے پہلے اور دنیا کے تیسرے گیند باز ہیں۔ اعجاز سے پہلے یہ کارنامہ انیل کمبلے اور جیم لیکر انجام دے چکے ہیں۔

انیل کمبلے نے 1999 میں پاکستان کے خلاف دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں یہ کمال کیا تھا۔ وہیں، جیم لیکر نے سال 1956 میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کی ایک اننگ میں 10 وکٹ حاصل کر کے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔


غور طلب ہے کہ اعجاز پٹیل ممبئی میں ہی پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کے خلاف ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں چل رہے ٹیسٹ میچ میں 47.5 اوور کی گیندبازی کی اور 12 اوور میڈن ڈالتے ہوئے 119 رن دے کر 10 وکٹ حاصل کرنے کا کمال کر دکھایا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اعجاز پٹیل نے یہ کارنامہ انجام دے کر اپنا نام تاریخ کے صفحات میں درج کرا لیا۔

سیریز کے اس دوسرے ٹیسٹ میچ میں اسپینر اعجاز پٹیل کے 10 وکٹ حاصل کرنے کے بعد ہندوستانی تیم 325 رنوں پر محدود رہ گئی۔ سلامی بلے باز مینک اگروال نے شاندار اننگ کھیلتے ہوئے سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 311 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 150 رن بنائے۔ وہیں، اکشر پٹیل نے 52 رن کی اننگ کھیلتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔


اعجاز پٹیل نے شبھمن گل کو 44 کے اسکور پر آؤٹ کیا۔ ان کا کیچ روس ٹیلر نے لپکا۔ چیتیشور پجارا صفر پر آؤٹ ہوئے۔ وراٹ کوہلی اور ردھیمان ساہا بھی اعجاز کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ شریئس ایر کو پٹیل نے کیچ آؤٹ کرایا اور اشون کو بولڈ کر دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے مینک کو 150 پر، اکشر پٹیل کو 52 پر، جینت یادو کو 12 اور محمد سراج کو 4 رن پر آؤٹ کر کے پویلین واپس بھیج دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Dec 2021, 1:40 PM