کرکٹ: ہند-انگلینڈ مقابلہ کے لیے ناٹنگھم کا میدان تیار، دونوں ٹیمیں پرجوش

چتیشور پجارا ورلڈ چیمپئن شپ فائنل اور مشق میچ میں اپنے پورے رنگ میں نظر نہیں آئے تھے جو ہندوستانی ٹیم کے لئے کچھ تشویش کی بات ہے۔

ناٹنگھم کرکٹ گراؤنڈ، تصویر آئی اے این ایس
ناٹنگھم کرکٹ گراؤنڈ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ٹرینٹ برج: ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ سے ملی شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم کے سامنے بدھ سے یہاں انگلینڈ کے خلاف شروع ہو رہے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں صحیح گیارہ کھلاڑیوں کا انتخاب ایک بڑا چیلنج ہوگا۔ ہندوستان نے نیوزی لینڈ سے ملی شکست کے بعد انگلینڈ سے ایک پریکٹس میچ کی درخواست کی تھی اور یہ مشق میچ اسے مل بھی گیا تھا حالانکہ اس مشق میچ میں باقاعدہ کپتان وراٹ کوہلی اور نائب کپتان اجنکیا رہانے مکمل طورپر فٹ نہیں ہونے کی وجہ سے نہیں کھیل سکے تھے۔ ٹیم کے دونوں چوٹی کے بلے بازوں کو پہلے ٹیسٹ سے قبل مشق کی کمی کچھ پریشان کرسکتی ہے۔ پھر بھی ہندوستانی ٹیم میچ سے قبل کافی پرجوش نظر آ رہی ہے اور انگلینڈ کی ٹیم بھی اپنے میدان پر دَم دکھانے کے لیے تیار ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی اوپنر مینک اگروالج اپنے ہیلمیٹ میں گیند لگانے کی وجہ سے کنکشن کے شکار ہوئے اور پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ مینک کے باہر ہونے سے لوکیش راہل کو آخری گیارہ کھلاڑیوں میں موقع ملنے کا پورا امکان ہے۔ چسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلے گئے مشق میچ میں لوکیش راہل (101) نے کاونٹی سلیکٹ الیون کے خلاف پہلے دن شاندار سنچری بناکر پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں جگہ بنانے کے لئے اپنا دعوی مضبوطی کے ساتھ پیش کیا تھا۔


راہل مڈل آرڈر کے بلے باز ہیں لیکن آئی پی ایل میں وہ پنجاب کی ٹیم کی طرف سے کھیلتے ہوئے اوپننگ کی ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔ ٹیم راہل کو اوپننگ میں موقع دینے کے بارے میں سوچ سکتی ہے اور وہ روہت شرما کے ساتھ اوپننگ میں اتر سکتے ہیں۔ راہل کو اس معاملہ میں نوجوان اوپنر پرتھوی شا سے چیلنج مل سکتا ہے۔ پرتھوی کو سری لنکا سے سدھے ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

چتیشور پجارا ورلڈ چیمپئن شپ فائنل اور مشق میچ میں اپنے پورے رنگ میں نظر نہیں آئے تھے جو ہندوستانی ٹیم کے لئے کچھ تشویش کی بات ہے۔ وراٹ اپنے باقاعدہ چوتھے نمبر پر اتریں گے، وراٹ پر ہندوستانی بلے بازی کی امیدوں کا دارومدار رہے گا۔ نائب کپتان رہانے کا نمبر وراٹ کے بعد رہے گا جبکہ نوجوان وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کو چھٹے نمبر پر اتارا جائے گا۔ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ ٹیم انتظامیہ اس پہلے مقابلے میں اپنے دونوں اسپنروں آف اسپنر روی چندرن اشون اور لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ کو اتارتا ہے یا پھر ان میں سے کسی ایک موقع دیتا ہے۔


دونوں اسپنروں کو اتارنے کی سورت میں ہندوستان تین تیز گیندبازوں کے ساتھ اتر سکتا ہے۔ ایشانت شرما، جسپریت بمراہ اور محمد سمیع تینوں دعویدار ہوں گے۔ ایک اسپنر کے کھیلنے کی صورت میں ہندوستان چوتھے تیز گیند باز کے ساتھ جاسکتا ہے۔ چوتھے تیز گیند باز کے لئے امیش یادو، محمد سراج اور شاردل ٹھاکر کے درمیان مقابلہ ہوسکتا ہے۔

گیندبازی میں توازن بنانا ہندوستانی ٹیم کے سامنے سب سے بڑا چیلنج ہوگا۔ ہندوستان نے اس سال کے شروع میں انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز 3-1 کے فرق سے جیتی تھی اور ہندوستان نے انگلینڈ سے 2018 میں پانچ میچوں کی سیریز 1-4 سے گنوائی تھی۔ ہندوستان نے اس سال آسٹریلیا میں چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-2 سے جیتی تھی اور انگلینڈ سے گھریلو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں شکست کے باوجود واپسی کرتے ہوئے انگلینڈ تین ٹیسٹ جیت کر سیریز 3-1 سے اپنے نام کی۔ ہندوستان کا ہدف رہے گا کہ وہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی شکست کو فراموش کرتے ہوئے اس ٹیسٹ سیریز میں نئے سرے سے شاندار شروعات کرے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔