بارڈر-گواسکر ٹرافی: آسٹریلیائی کپتان کمنس سمیت 8 کھلاڑی وطن واپس، ہندوستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں ٹیم اتارنا محال!

آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ ان کی فیملی میں کوئی بیمار ہے جس کی وجہ سے وطن واپس لوٹ گئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بارڈر-گواسکر ٹرافی میں ہندوستانی ٹیم نے اس وقت آسٹریلیا پر 0-2 سے سبقت بنائی ہوئی ہے۔ لیکن تیسرا ٹیسٹ میچ شروع ہونے سے پہلے ہی آسٹریلیا کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اندور ٹیسٹ سے قبل مہمان ٹیم کے لیے پلیئنگ الیون کا انتخاب کرنا ایک مسئلہ بن گیا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنس سمیت مجموعی طور پر 8 کھلاڑی کسی نہ کسی وجہ سے آسٹریلیا واپس لوٹ چکے ہیں۔

آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ ان کی فیملی میں کوئی بیمار ہے جس کی وجہ سے وطن واپس لوٹ گئے ہیں۔ ڈیوڈ وارنر بھی اب آسٹریلیا کی طرف سے آئندہ دو ٹیسٹ میں کھیلتے ہوئے دکھائی نہیں دیں گے۔ انھیں دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران کہنی میں چوٹ لگی تھی جس کی وجہ سے وہ سیریز کے بقیہ ٹیسٹ سے باہر ہو گئے۔ تیز گیندباز جوش ہیزل ووڈ کی فٹ نس رپورٹ سامنے آنے کے بعد انھیں بھی ٹیم مینجمنٹ نے واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔


دیگر کھلاڑیوں کی بات کی جائے تو ایشٹن ایگر، جن کو ابھی تک اس دورے پر ایک بھی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا، انھوں نے بھی سیریز کے درمیان میں ہی گھر واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شیفیلڈ شیلڈ کے مقابلے کھیل سکیں۔ آف اسپنر ٹاڈ مرفی کو سائیڈ اسٹرین کا مسئلہ پیش آ گیا ہے اور وہ بھی آسٹریلیا لوٹ پڑے ہیں۔ لیگ اسپنر مچل سویپسن بھی پہلے ہی وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔ ٹیم میں شامل تیز گیندباز لانس مورس بھی مشیل اسٹارک اور کیمرون گرین کے پوری طرح سے فٹ ہونے کے بعد ملک واپس لوٹ گئے ہیں۔

بہرحال، آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنس کے گھر لوٹنے کے بعد اب تک یہ واضح نہیں ہو پایا ہے کہ وہ اندور میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ سے پہلے واپس آ پائیں گے یا نہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ اسٹیو اسمتھ کو آسٹریلیائی ٹیم مینجمنٹ آخری دو ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کی ذمہ داری سونپ سکتی ہے۔ ڈیوڈ وارنر کے باہر ہونے کے بعد عثمان خواجہ کے ساتھ ٹریوس ہیڈ سلامی بلے باز کی ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں۔ تیسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی ممکنہ پلیئنگ الیون اس طرح ہو سکتی ہے: عثمان خواجہ، ٹریوس ہیڈ، مارنس لابوشین، اسٹیو اسمتھ (کپتان)، کیمرون گرین، پیٹر ہینڈسکومب، ایلیکس کیری (وکٹ کیپر)، ناتھن لیون، مشیل اسٹارک، میتھیو کہنمین اور اسکاٹ بولینڈ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔